غدر 2: دس سال تک فلاپ فلموں کے بعد سنی دیول کی فلم نے نو دن میں 300 کروڑ کیسے کمائے؟

بی بی سی اردو  |  Aug 20, 2023

Getty Images

سنی دیول کی فلم غدر 2 نے گذشتہ نو دنوں سے باکس آفس پر دھوم مچا رکھی ہے۔ اس نے اب تک 300 کروڑ روپے سے زیادہ کی کمائی کی ہے۔

15 اگست 2023 انڈیا کا یوم آزادی تھا اور یہ غدر 2 کی ریلیز کے بعد پانچواں دن تھا۔ اس دن غدر 2 نے ریکارڈ کمائی کی۔ غدر2 نے اس ایک دن میں 55.40 کروڑ روپے کمائے۔

فلمی نقاد ترن آدرش نے ٹویٹ کیا کہ ’15 اگست کو اس فلم نے کمائی کے تمام سابقہ ​​ریکارڈز کو پیچھے چھوڑتے ہوئے تاریخ رقم کی۔

’11 اگست کو 40.10 کروڑ، 12 اگست کو 43.08 کروڑ، 13 اگست کو 51.70 کروڑ، 14 اگست کو 38.70 کروڑ روپے کی کمائی کی اور 15 اگست کو 55.40 کروڑ روپے۔‘

انھوں نے لکھا کہ ’15 اگست کو صورتحال یہ تھی کہ ٹکٹ نہ صرف سنگل سکرینز پر بلکہ ملٹی پلیکس میں بھی دستیاب نہیں تھے۔‘

اب اس نے ایک اور بڑا ریکارڈ بنا لیا ہے۔ فلم کی کمائی کا ہندسہ سنیچر کو 300 کروڑ روپے سے تجاوز کر گیا ہے اور اس کے ساتھ ہی یہ سب سے کم وقت میں 300 کروڑ روپے کمانے والی فلم بن گئی ہے۔

فلم ناقدین نے پیش گوئی کی ہے کہ اس ہفتے کے آخر تک اس کا بزنس 400 کروڑ روپے تک پہنچ جائے گا۔

ریکارڈ توڑ کارکردگی کی وجہ

انیل شرما کی ہدایت کاری میں بننے والی یہ فلم 2001 کی بلاک بسٹر فلم ’غدر: ایک پریم کتھا‘ کا سیکوئل ہے۔

ایسا کم ہی دیکھا گیا ہے کہ کوئی سیکوئل دو دہائیوں بعد بھی اپنا پرانا کرشمہ برقرار رکھے۔ فلم ناقد ترن آدرش نے غدر 2 کی ریلیز کے دن اسے ساڑھے چار ریٹنگ دی تھی اور ایک لفظ میں اسے بلاک بسٹر تک بتا دیا تھا۔

فلم عاشقی کا سیکوئل بھی 23 سال بعد سلور سکرین پر آیا تھا اور 2013 میں اس نے 100 کروڑ روپے کمائے تھے۔

غدر2 کے فلم سازوں کی طرف سے جاری کردہ پریس ریلیز میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ پنجاب جیسے صوبے میں کسی بھی ہندی فلم کے لیے اس فلم کا کلیکشن ریکارڈ سطح پر پہنچ گیا ہے۔

خاتون فلم نقاد بھارتی دوبے بی بی سی کے مدھوپال کو سنی دیول کی غدر 2 کی کامیابی کی ایک بڑی وجہ قوم پرستی بتاتی ہیں۔

وہ کہتی ہیں کہ ’ہم جس دور میں رہ رہے ہیں وہ قوم پرستی کا ہے۔ سنی نے بھی اس فلم کی زبردست تشہیر کی ہے۔‘

’یوم آزادی سے عین قبل ریلیز ہونا اس کے ہٹ ہونے کی ایک بڑی وجہ ہے۔ فلم قوم پرستی کو بھڑکاتی ہے۔ فلم کی ٹائمنگ اور اس کے گانے بہترین ہیں۔‘

وہ کہتی ہیں کہ سنی نے واپسی کی ہے۔ ’سنی دیول کی عمر 66 سال ہے، وہ ایک سینیئر سٹیزن ہیں اور یہ کہا جا سکتا ہے کہ انھوں نے بڑی واپسی کی ہے۔‘

دوسری جانب فلمی نقاد گریش وانکھیڈے بی بی سی کے ساتھی مدھو پال کو بتاتے ہیں کہ ’15 اگست کے دن لوگوں میں حب الوطنی کے جذبات بھرے ہوتے ہیں۔

’اس فلم میں والدین اور پاکستان وہ تمام مصالحہ ہے جو کہ ایک ہٹ فارمولا بھی ہے۔‘

وہ کہتے ہیں کہ ’انڈین ناظرین کے ساتھ اس کا جذباتی تعلق زبردست ہے۔ یہ بہت بڑی بات ہے کہ ہر انڈین کا دل فلم سے جڑ گیا ہے چاہے وہ ہندو ہو یا مسلمان۔

’سنی دیول کا تصور مذہب سے بالاتر ہے، یہ بڑی بات ہے۔ کوئی اور اداکار اس دائرے میں نہیں آتا۔‘

او ایم جی 2 اور جیلر سے سخت مقابلہ

غدر2 کا باکس آفس ٹیسٹ آسان نہیں تھا۔ اکشے کمار، پنکج ترپاٹھی کی اوہ مائی گاڈ 2 بھی 11 اگست کو ہی ریلیز ہوئی تھی۔

باکس آفس ٹریکنگ ویب سائٹ کے اعداد و شمار کے مطابق او ایم جی 2 نے اب تک 100 کروڑ روپے سے زیادہ کی کمائی کی ہے۔

11 اگست کو ہی جنوبی انڈیا کے سپر سٹار چرنجیوی، تمنا بھاٹیہ اور کیرتھی سریش جیسی سٹار کاسٹ والی فلم ’بھولا شنکر‘ بھی ریلیز ہوئی تھی لیکن باکس آفس پر فلیٹ ہو گئی تھی۔

دوسری جانب سپر سٹار رجنی کانت کی فلم ’جیلر‘ بھی اسی دن ریلیز ہوئی اور مسلسل نئے ریکارڈ بنا رہی ہے۔

’جیلر‘ نے کمائی کے معاملے میں 250 کروڑ روپے کا ہندسہ عبور کر لیا ہے۔ اگر ہم ’جیلر‘ کی بیرون ملک کمائی کو شامل کریں تو یہ ایک بڑی بلاک بسٹر ثابت ہو رہی ہے۔

دنیا بھر میں جیلر کی کمائی 450 کروڑ کے قریب پہنچ گئی ہے۔ دنیا بھر میں کمائی کے معاملے میں 'جیلر' نے 'غدر2' کو بھی پیچھے چھوڑ دیا ہے۔

'غدر2' کی بیرون ملک مجموعی کمائی اب تک 35 کروڑ روپے کے قریب ہے۔

فلم ناقدین کے مطابق اس کے مرکزی سامعین شمالی انڈیا کے ناظرین ہیں اور یہ امر اس کی کم بیرون ملک کمائی میں بھی نظر آتا ہے۔

فلمی نقاد گریش وانکھیڑے کا کہنا ہے کہ ’یہ اوہ مائی گاڈ جیسی فلم کے ساتھ ریلیز ہوئی۔ اوپن ہائیمر، باربی نے باکس آفس پر پہلے ہی دھوم مچا رکھی تھی۔ راکی اور رانی کی محبت کی کہانی اب بھی اچھی چل رہی ہے۔

’اس لیے اس کی ریلیز کا وقت بہت اچھا تھا۔ کرنل کو فلم میں دکھایا گیا ہے، پھر وندے ماترم کی دھن آتی ہے۔ بیک گراؤنڈ میوزک ہے، اس میں جذباتی عنصر ہے، باپ بیٹے کے درمیان محبت ہے، کچھ پاکستان مخالف جذبات بھی ہیں۔‘

سنی دیول کی طاقت

سنی دیول ماضی میں بھی بلاک بسٹر دیتے رہے ہیں لیکن یہ پہلی بار نہیں ہے کہ سنی دیول کی فلم کے ساتھ ساتھ ایک اور بڑی فلم بھی ریلیز ہوئی ہے۔

عامر خان کی ’لگان‘ بھی اسی دن ریلیز ہوئی تھی جب ’غدرایک پریم کتھا‘ سکرین پر آئی تھی۔ 15 جون 2001 کو ریلیز ہونے والی دونوں فلمیں قوم پرستی پر مبنی تھیں۔

جہاں 'لگان' نے تقریباً 60 کروڑ روپے کمائے، وہیں 'غدر- ایک پریم کتھا' نے 130 کروڑ روپے سے زیادہ کی کمائی کی۔

22 جون 1990 کو سنی دیول کی فلم 'گھائل' ریلیز ہوئی، اسی دن عامر خان کی 'دل' بھی ریلیز ہوئی۔

پھر 'گھائل' نے 20 کروڑ روپے کمائے تھے، جب کہ دل نے 17 کروڑ روپے کمائے تھے۔ فلمی ناقدین نے دونوں فلموں کو بلاک بسٹر قرار دیا تھا۔

تاہم ان اعداد و شمار سے ایک بات واضح ہے کہ سامنے جو بھی ہو، سنی دیول کی فلمیں کمائی کے نقطہ نظر سے بہترین ثابت ہوئی ہیں۔

سنی کی فلمیں پچھلے 10 سالوں سے نہیں چلیں

ایسا نہیں ہے کہ ’غدر-ایک پریم کتھا‘ کے بعد سنی دیول کی تمام فلمیں باکس آفس پر کامیاب ہوئیں۔

غدر ایک پریم کتھا کے بعد، سنی دیول کی 'یملا پگلا دیوانہ' 2011 میں آئی، اس نے تقریباً 90 کروڑ روپے کی کمائی کی اور ہٹ ہو گئی، لیکن اس کے بعد سے سنی دیول کے ستارے کم و بیش زوال کا شکار ہیں۔

2013 میں جب ’یملا پگلا دیوانہ 2‘ آئی تو اس نے اوسطاً 50 کروڑ روپے کی کمائی کی۔

جبکہ 2018 میں اس کی تیسری قسط 'یملا پگلا ریٹرنز' نے صرف 17 کروڑ روپے کمائے اور فلاپ ثابت ہوئی۔

2022 میں ان کی سائیکولوجیکل تھرلر فلم ’چپ‘ 19 کروڑ کی کمائی کے ساتھ فلاپ ثابت ہوئی، جبکہ 2019 میں فلم ’بلینک‘ نے صرف آٹھ کروڑ روپے کمائے۔

غدر 2 کی طاقت

فلم نقاد گریش وانکھیڑے کا کہنا ہے کہ ’غدر2‘، ’پٹھان‘ اور ’آدی پرش‘ کے بعد 100 کروڑ روپے کا ہندسہ عبور کرنے والی تیسری تیز ترین فلم بن گئی ہے۔

وہ کہتے ہیں ’یہ فلم بہت اچھی بھی نہیں ہے، اس کے ریویوز مناسب سے ہیں۔ یہ 15 اگست سے پہلے ریلیز ہوئی تھی اس لیے قوم پرستی کے احساس نے کام کیا ہے۔

’سنی دیول کی قبولیت، ان کی عاجزی، ان کے لیے لوگوں کی محبت اس فلم کی کامیابی کی بہت سی وجوہات میں شمار کیے جا سکتے ہیں۔

گریش وانکھیڑے کہتے ہیں کہ ’غدر ایک پہیلی کی طرح ہے، اس میں وہی طاقت، اس کے بارے میں جوش و خروش اور گانے اور ڈرامے کو دکھایا گیا ہے جسے سکرین پر 22 سال بعد بھی لوگوں نے بہت سراہا ہے۔

’لوگ اسے جذبے سے دیکھ رہے ہیں، لوگ ٹریکٹر لے رہے ہیں۔ پنجاب میں اس فلم کو دیکھنے کے لیے لوگ سینما گھروں میں جا رہے ہیں اور ان گانوں پر ناچ رہے ہیں۔‘

کیا یہ اندازہ تھا کہ فلم ریلیز سے پہلے ہی اتنی دھوم مچائے گی؟

اس پر گریش وانکھیڑے کا کہنا ہے کہ ’انیل شرما نے بھی نہیں سوچا ہو گا کہ یہ اتنی ہٹ ہو جائے گی۔ ہم نے ٹریلر دیکھا تھا، ہمیں بھی ایسا نہیں لگا۔ تقریباً 60 کروڑ روپے لگانے کے بعد اس کی کمائی 350 کروڑ روپے تک پہنچ گئی ہے۔‘

ان کا کہنا ہے کہ ’ہر فلم اپنی قسمت کے ساتھ آتی ہے اور غدر-2 کا پٹھان یا دیگر فلموں سے موازنہ کرنا مناسب نہیں ہے۔‘

یہ پوچھے جانے پر کہ اس فلم کے وہ پہلو کون سے ہیں جن کے باعث یہ ہٹ ہوئی تو گریش وانکھیڑے کا کہنا تھا کہ ’حب الوطنی کا احساس، پاکستان مخالف جذبات سے زیادہ تفریح ​​کا احساس، دوسروں پر تنقید کرنے سے پہلے اپنے ملک کے بارے میں بات کریں اور ایکشن اور سنی پاجی۔‘

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More