انڈیا میں کتوں سے شروع ہونے والی لڑائی دو انسانی جانیں نگل گئی

اردو نیوز  |  Aug 19, 2023

انڈین ریاست مدھیہ پردیش کے شہر اندور میں پالتو کتوں کے درمیان شروع ہونے والی لڑائی بڑھتے بڑھتے مالکان تک جا پہنچی اور اس کے نتیجے میں دو افراد اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے۔

این ڈی ٹی وی کے مطابق راجپال سنگھ رجاوت اور وِمل امچھا رات کو تقریباً 11 بجے اپنے کتوں کو ٹہلانے نکلے اور اسی دوران ان دونوں پالتو جانوروں میں لڑائی ہوئی جس کے بعد ان کے مالکان بھی آپس میں اُلجھ پڑے۔

سوشل میڈیا پر چلنے والی ایک ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ راجپال سنگھ رجاوت بحث کے دوران بھاگتے ہوئے اپنی بلڈنگ میں داخل ہوئے اور کچھ ہی لمحوں بعد اپنے فلیٹ کی بالکنی سے فائرنگ کرکے وِمل امچھا اور ان کے رشتے دار راہُل ورما کو قتل کردیا۔

فائرنگ کے اس واقعے میں وِمل امچھا کی اہلیہ بھی آنکھ میں چَھرا لگنے سے زخمی ہوئیں۔

ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر آف پولیس امریندر سنگھ کے مطابق راجپال سنگھ رجاوت قریب ہی واقع ایک نجی بینک میں سکیورٹی گارڈ کی نوکری کرتے ہیں اور انہوں نے فائرنگ بھی لائسنس والی بندوق سے کی۔

پولیس افسر نے اس بات کی بھی تصدیق کی کہ فائرنگ یہ واقعہ دراصل کتوں کے درمیان ہونے والی لڑائی سے شروع ہوا تھا۔

پولیس نے راجپال سنگھ رجاوت اور ان کے بیٹے کو گرفتار کر لیا ہے۔

مرکزی ملزم کا تعلق گوالیار سے ہے اور انہیں حال ہی میں ایک سکیورٹی کمپنی صرف اس لیے نوکری دی تھی کیونکہ ان کے پاس 12 بور کی ایک لائسنس شدہ بندوق موجود تھی۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More