Getty Images
’وہ ہمیشہ کہتا ہے اس کو صاف کرو، اسے اتارواور میں اسے صاف کر دیتی ہوں۔‘
اپنے ہونٹوں پر لگی لپ سٹک کو صاف کرتے ہوئے یہ الفاظبالی وڈ سٹار عالیہ بھٹ اپنے شوہر رنبیر کپور کے میک اپ نہ پسند کرنے کے حوالے سے کہہ رہی ہیں۔
’میرے شوہر اور اس سے پہلے جب وہ میرے بوائے فرینڈ تھے تو جب بھی وہ دیکھتے (اس دوران ویڈیو میں اشارہ لپ سٹک کی جانب ہے ) تو کہتے اس کو اتارو، تو بس۔۔۔ میں اسے پونچھ دیتی۔‘
ہونٹوں پر لگی ہلکی لپ سٹک کو صاف کرنے کا عالیہ بھٹ کا ایک مختصر ویڈیو کلپ سوشل میڈیا پر اس وقت وائرل ہے۔
عموماً یہ تاثر پایا جاتا ہے کہ شوہروں کو سجی سنوری بیویاں پسند آتی ہیں لیکن عالیہ بھٹ نے یہ انکشاف کیا کہ رنیر کپور کے ساتھ گھر سے باہر جاتے ہوئے انھیں میک اپ اتارنا پڑتا ہے کیونکہ وہ میک اپ کو پسند نہیں کرتے۔
ان کے اس ویڈیو بیان کے بعد سوشل میڈیا پر یہ بحث زور و شور سے جاری ہے کہ مرد اپنی بیوی کو میک اپ نہ کرنے کا کہہ سکتا ہے یا نہیں۔
عالیہ بھٹ کا یہ ویڈیو کلپ ٹوئٹر اور انسٹاگرام پر صارفین کی توجہ کا مرکز ہے اور بہت سے صارفین اس پر رنبیر کپور کو تنقید کا نشانہ بنا رہے ہیں۔
ایک صارف نے اپنی شدید نا پسندیدگی کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ ’ لڑکیوں کو وہ کرنے دیں، جو وہ کرنا چاہتی ہیں۔‘
https://twitter.com/sa_dicaprio/status/1691716649517191579?s=20
کئی صارفین نے عالیہ کی ہمدردی میں رنبیر کے بالوں کے ٹریٹمینٹ کو تنقید کا نشانہ بھی بنا ڈالا۔
ایک صارف نے انتہائی غصے میں عالیہ کو مشورہ دیتے ہوئے لکھا ’انھیں رنبیر سے کہنا چاہیے کہ اپنی وگ کو اتاریں۔‘
https://twitter.com/desibaddie/status/1691538132859011072?s=20
بعض صارفین نے عالیہ اور رنبیر کے درمیان تعلق پر بھی سوال اٹھا دیے۔
ایک صارف نے لکھا کہ ’کیا انھیں احساس نہیں کہ جب بھی وہ انٹرویو دیتی ہیں، چاہے کسی سیاق و سباق کے ساتھ ہویا اس کے بغیر، وہ اپنے رشتے کو اتنا عجیب پیش کر رہی ہوتی ہیں۔‘
https://twitter.com/krownnist/status/1691730870061982113?s=20
ایک جانب جہاں کئی صارفین عالیہ بھٹ سے اظہار ہمدردی کرتے ہوئے ان کے شوہر رنبیر کپور سے نالاں دکھائی دے رہے ہیں، وہیں کئی صارفین ایسے بھی ہیں جو اس کو میاں بیوی کے آپس کا معاملہ قرار دے کر ہاتھ ہولا رکھنے کی تلقین بھی کر رہے ہیں۔
تحریم عظیم نے لکھا کہ ’رنبیر کو میں بھی پسند نہیں کرتی لیکن کیا ہم یہاں زیادہ ہی غصہ نہیں دکھا رہے؟‘
انھوں نے مزید لکھا کہ ’ایسے مرد ہیں جو اپنی بیویوں کا میک اپ کرنا پسند نہیں کرتے بالکل ایسے ہی جیسے بہت سی عورتیں ہیں، جو چاہتی ہیں کہ ان کا شوہر کوئی کام نہ کرے یا ان کے لیے کچھ خاص کرے۔ تو لوگ رشتوں میں ایک دوسرے کے لیے بہت کچھ کرتے ہیں۔‘
https://twitter.com/tehreemazeem/status/1691698809707897270?s=20
چند ایسی بھی خواتین ہیں جنھوں نے کہا کہ اگر کوئی مرد ان کو ایسا کہے تو وہ اس سے کنارہ کشی کرنا پسند کریں گی۔
ٹوئٹر پر صارفین کا یہ بھی کہنا تھا کہ میاں بیوی کے رشتے میں بعض لوگ تابع ہونا اور بعض تابع رہنا پسند کرتے ہیں۔
ایک صارف نے لکھا ’عالیہ نے خود کو اچھی اور فرمانبردار بیوی کے طور پر پیش کیا لیکن پھر سے یہ ان کی پسند ہے۔ یہ ان کا رشتہ ہے اور وہ خوش ہیں تو ہم کون ہیں فیصلہ کرنے والے!‘
ٹوئٹر پراس ساری بحث میں بعض صارفین خود عالیہ کو بھی تنقید کا نشانہ بناتے نظر آئے۔
ایک صارف نے عالیہ کی ویڈیو میں کہے گئے الفاظپر ناپسندگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ’وہ اسے یوں بھی کہہ سکتی تھیں کہ انھیں (رنبیر کو) مجھ پر زیادہ میک اپ پسند نہیں اور وہ مجھے اپنے قدرتی حسن میں دیکھنا پسند کرتے ہیں لیکن یہ کیا کہ اسے صاف کرو اور میں میک اپاتار دیتی ہوں۔‘
https://twitter.com/consis10c/status/1691781104142086274?s=20
عالیہ نے شادی پر بھی سفید ساڑھی پہن کر حیران کیا تھا
ٹوئٹر پرعالیہ بھٹ کے میک اپ کے حوالے سے یہ بحث کوئی نئی نہیں۔
یاد رہے کہ عالیہ بھٹ اپنے کم میک اپ کے باعث اس وقت بھی موضوع گفتگو بنی تھیں جب اپنی شادی کے وقتروایتی دلہن کے برعکس ان کی انتہائی سادگی سے تیار تصاویر منظر عام پر آئی تھیں۔
اپریل 2022 میں بالی وڈ اداکارہ عالیہ بھٹ اور رنبیر کپور کی شادی کی تصاویر میں کم میک اپ اور سادہ ہیئر سٹائل نے عالیہ کے بہت سے مداحوں کو مایوس کیا تھا اور اس مایوسی کا برملا اظہار لوگوں نے سوشل میڈیا پر بھی کیا تھا۔
عالیہ بھٹ کو اتنی سادہ دلہن کے روپ میں دیکھ کر جہاں چند صارفین کو مایوسی ہوئی تھی وہیں کچھلوگوں کو عالیہ کا کم میک پسند بھی آیا اور بہت سی خواتین ایسی بھی تھیں جو سوشل میڈیا پر یہ پوچھ رہی تھیں کہ پاکستان میں ایسا کون سا میک اپ آرٹسٹ ہے جو انھیں عالیہ جیسا میک اپ کر دے۔