کراچی میں جمعرات اور جمعہ کو موسم کیسا رہے گا ۔۔ بارش کا کتنا امکان ہے؟

ہماری ویب  |  Aug 16, 2023

محکمہ موسمیات نے شہر قائد میں جمعرات اور جمعہ کے روز موسم ابر آلود رہنے کے ساتھ ساتھ بوندا باندی یا ہلکی بارش کی بھی نوید سنادی ہے۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کراچی میں آئندہ 3 روز زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 30 سے 32 ڈگری سینٹی گریڈ تک جاسکتا ہے۔

کراچی میں موسم خوشگوار رہے گا تاہم سندھ کے بیشتر مقامات پر موسم گرم اور مرطوب رہے گا جبکہ ساحلی پٹی پر بوندا باندی اور ہلکی بارش ہو سکتی ہے۔

یاد رہے کہ کراچی میں گزشتہ کئی روز سے موسم ابر آلود ہے اور گرمی کی شدت میں کمی آگئی ہے، رات کے اوقات میں موسم مزید ٹھنڈا ہونے کی وجہ سے شہریوں نے اے سی کا استعمال بھی کم کردیا ہے۔

کراچی میں جاری خوشگوار موسم پر شہریوں میں خوشی کی لہر پائی جاتی ہے کیونکہ ملک کے بیشتر علاقوں میں ان دنوں سورج آگ برسا رہا ہے تاہم کراچی کا موسم بہت سہانا ہے۔

شہر قائد کے باسی اگست کے مہینے میں بادلوں کی وجہ سے بہت خوش دکھائی دیتے ہیں کیونکہ عموماً اگست کے وسط میں حبس اور بارش کا موسم ہوتا ہے تاہم امسال موسم انتہائی خوشگوار اور مسلسل ابر آلود ہے۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More