انڈیا کو سات سال میں پہلی بار ٹی 20 سیریز میں ویسٹ انڈیز سے شکست: ’ہاردک پانڈیا انڈین ٹیم کے لیے کپتان میٹیريل نہیں‘

بی بی سی اردو  |  Aug 14, 2023

AFP

ویسٹ انڈیز نے انڈیا کے خلاف پانچواں ٹی 20 میچ جیت کر پانچ میچوں کی سیریز دو کے مقابلے تین ميچوں سے جیت لی ہے۔

پہلے دونوں مقابلے ویسٹ انڈیز نے جیتے تھے اس کے بعد تیسرے اور چوتھے میچ میں انڈیا کو کامیابی حاصل ہوئیجبکہ اتوار کی شب کھیلا جانے والا فیصلہ کن میچ ویسٹ انڈیز نے آٹھ وکٹوں سے جیت لیا۔

سوشل میڈیا پر انڈین ٹیم اور خاص کر کے کپتان ہاردک پانڈیا اور کوچ راہل ڈریوڈ کو تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔

شائقین کا کہنا ہے کہ اگرچہ ٹیم میں روہت شرما اور وراٹ کوہلی نہیں تھے تاہم انڈیا کی نوجوان ٹیم سے اس سے کہیں زیادہ بہتر کی امید تھی۔

خیال رہے کہ ویسٹ انڈیز ٹیم ان دنوں کرکٹ میں انتہائی پستی کے دور سے گزر رہی ہے اور اس بار وہ ورلڈ کپ کے لیے کوالیفائی بھی نہیں کر سکی۔

میچ کے بعد انڈین کرکٹ ٹیم کے کپتان ہاردک پانڈیا نے کہا کہ ’یہ تمام ایسی گیمز ہیں جن سے ہمیں سیکھنا ہوتا ہے۔ ایک سیریز ادھر یا ادھر ہو جائے تو بہت زیادہ فرق نہیں پڑتا۔ ابھی ورلڈ کپ آنے والا ہے اور بعض اوقات ہارنا اچھا ہوتا ہے۔ آپ کو سیکھنے کے لیے بہت کچھ ملتا ہے۔‘

انڈیا نے ویسٹ انڈیز کا یہ سفر ٹیسٹ اور ون ڈے سیریز میں کامیابی کے ساتھ شروع کیا تھا لیکن ٹی 20 میں اسے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

واضح رہے کہ انڈیا سات سال میں پہلی بار ٹی 20 سیریز میں ویسٹ انڈیز کے ہاتھوں شکست سے دو چار ہوا ہے۔

Getty Imagesمیچ کی روداد

انڈیا نے پانچویں اور فیصلہ کن میچ میں ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ یشسوی جیسوال صرف چار رن بنا کر عقیل حسین کی گیند پر انھیں ہی کیچ دے بیٹھے جبکہ دوسرے اوپنر شبمن گل ایل بی ڈبلیو ہوئے۔

انڈیا کی دو وکٹیں 17 رنز پر گر چکی تھیں۔

پھر کریز پر تلک ورما آئے جنھوں نے سیریز میں سب سے زیادہ سکور کر رکھا تھا۔ انھوں نے چھٹے اوور میں 19 رنز بنا کر انڈیا کی پوزیشن مستحکم کر دی۔

دوسری جانب سوریہ کمار یادو نے جارحانہ انداز کی بجائے ذمہ دارنہ کھیل کا مظاہرہ کیا۔ انھوں نے 45 گیندوں پر 61 رنز بنائے جس میں چار چوکے اور تین چھکے شامل تھے۔

ایک وقت میں ایسا بھی لگ رہا تھا کہ انڈیا 200 تک کا ہدف دے گا لیکن بعد میں آنے والے کھلاڑی کچھ زیادہ نہ کر پائے اور وکٹیں مسلسل گرتی رہیں۔

انڈیا نے 20 اوورز میں 165 کا ہدف دیا جسے ویسٹ انڈیز نے دو وکٹوں کے نقصان پر 18 اوورز میں ہی حاصل کر لیا۔

Getty Images’خيال تھا کہ انڈیا ہاردک کی قیادت میں ورلڈ کپ جیتے گا، یہ شخص ویسٹ انڈیز کے خلاف ہار رہا ہے‘

انڈین مداحوں نے ویسٹ انڈیز کی ٹیم کے ہاتھوں انڈیا کی شکست کا ذمہ دار کپتان ہاردک پانڈیا کو قرار دیا۔

ایک صارف نے لکھا کہ ’بچے راہل ڈریوڈ پر ویسٹ انڈیز میں ٹیم انڈیا کے ساتھ حد سے زیادہ تجربہ کرنے پر تنقید کریں گے لیکن صرف سچے کرکٹ شائقین ہی اس حقیقت کو سمجھیں گے کہ انھوں نے یہ ثابت کرنے میں بڑا کردار ادا کیا کہ ہاردک پانڈیا ٹیم انڈیا کے لیے کپتان کا میٹیريل نہیں اور اس طرح انھوں نے ہمیں مستقبل میں کئی بڑے ٹورنامنٹ ہارنے سے بچایا۔‘

https://twitter.com/mainbhiengineer/status/1690788800153415680

بہت سے صارفین ہاردک پانڈیا کو ان کے بیان کے لیے تنقید کا نشانہ بنا رہے ہیں۔

واضح رہے کہ ہاردک پانڈیا نے انڈین کھلاڑیوں کے بارے میں کہا تھا کہ ہم مزید دو ٹیمیں چن سکتے ہیں اور دنیا میں کوئی بھی ٹورنامنٹ جیت سکتے ہیں۔

پریانشو نامی ایک صارف نے راہل ڈریوڈ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے لکھا کہ ’ان کے کوچ رہتے ہوئے انڈیا ٹیسٹ چیمپیئن شپ کا فائنل ہاری۔ ٹی 20 ورلڈ کپ کا سیمی فائنل ہاری۔ ایشیا کپ میں ہاری۔ بنگلہ دیش کے خلاف ون ڈے سیریز ہاری۔ آسٹریلیا کے خلاف اپنے ملک میں ون ڈے سیریز گنوائی۔ ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹی 20 سیریز میں ہاری اور پہلی بار سری لنکا کے خلاف ٹی 20 سیریز ہاری۔‘

https://twitter.com/PriyanshuVK18K/status/1690805261404135424

سپر کنگ نامی صارف نے لکھا کہ ’لوگوں کا خيال تھا کہ انڈیا ہاردک پانڈیا کی قیادت میں ورلڈ کپ جیتے گا اور یہ شخص ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز ہار رہا ہے۔‘

ہاردک پانڈیا کو جہاں سیریز میں بولنگ اور بیٹنگ کے لیے تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے تو وہیں ان کے بولنگ میں تبدیلی کے فیصلہ کو بھی پسند نہیں کیا گیا۔

بہرحال اب تمام کرکٹ شائقین کی نظریں ایشیا کپ پر ہیں اور پھر اس کے ساتھ ہی ورلڈ کپ پر ہوں گی۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More