اسلام آباد ہائی کورٹ نے توشہ خانہ کیس کا مکمل ریکارڈ طلب کرلیا

اردو نیوز  |  Aug 12, 2023

اسلام آباد ہائی کورٹ نے عمران خان کے خلاف توشہ خانہ کیس کا مکمل ریکارڈ طلب کرلیا ہے۔

اسلام آباد ہائی کورٹ چیئرمین  پاکستان تحریک انصاف عمران خان کے خلاف توشہ خانہ کیس میں سزا کے خلاف اپیل پر سماعت کا تحریری حکم نامہ جاری کردیا ہے۔ 

چیف جسٹس عامر فاروق، جسٹس طارق محمود جہانگیری نے تفصیلی فیصلے میں عمران خان کے خلاف توشہ خانہ کیس کا مکمل ریکارڈ طلب کرلیا اور رجسٹرار آفس کو چیئرمین پی ٹی آئی کی سزا معطلی کی درخواست جلد مقرر کرنے کی ہدایت  کی ہے۔

حکم نامے کے مطابق عدالت نے فریقین کو سزا کے خلاف اپیل اور سزا معطلی کی درخواست پر نوٹسز جاری کیے۔ 

عدالتی حکم کے مطابق عمران خان  کی اپیل ٹرائل کورٹ کے پانچ اگست کے فیصلے کے خلاف ہے۔ عمران خان کے خلاف الیکشن کمیشن کی شکایت پر ٹرائل چلایا گیا۔ ٹرائل کورٹ نے چیئرمین پی ٹی آئی کو تین سال قید اور ایک  لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنائی تھی۔

عدالت نے حکم دیا کہ فریقین کو نوٹس جاری کیے جائیں  اور  کیس کا ریکارڈ بھی منگوایا جائے۔

واضح رہے کہ  چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے سزا معطل کرکے ضمانت پر رہائی کی درخواست کر رکھی ہے۔

مزید خبریں

تازہ ترین خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More