ورلڈ کپ میں پاکستان کرکٹ ٹیم کو ’ضروری سکیورٹی‘ فراہم کی جائے گی: انڈیا

اردو نیوز  |  Aug 11, 2023

انڈیا کی وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ رواں سال اکتوبر میں ورلڈ کپ کھیلنے کے لیے آنے والی پاکستان کرکٹ ٹیم کو دیگر ٹیموں کی طرح ’ضروری سکیورٹی‘ دی جائے گی۔

جمعے کو ہفتہ وار بریفنگ کے دوران انڈین وزارتِ خارجہ کے ترجمان ارندم باگچی کا کہنا تھا کہ ’پاکستانی ٹیم کے ساتھ ویسا ہی سلوک کیا جائے گا جیسا ورلڈ کپ کھیلنے آنے والی دیگر ٹیموں کے ساتھ رکھا جائے گا۔‘

سکیورٹی کے حوالے سے ارندم باگچی کا کہنا تھا کہ ’سکیورٹی معاملات کے حوالے سے میرا خیال ہے کہ آپ کا یہ سوال ہماری سکیورٹی ایجنسیوں اور ٹورنامنٹ کا انعقاد کرنے والوں سے ہونا چاہیے لیکن ہم امید کریں گے کہ ضروری سکیورٹی نہ صرف پاکستانی ٹیم کو فراہم کی جائے گی بلکہ ورلڈ کپ میں حصہ لینے والی تمام ٹیموں کو دی جائے گی۔‘

واضح رہے کہ 6 اگست کو پاکستان کے دفترِ خارجہ نے اعلان کیا تھا کہ پاکستانی ٹیم رواں سال ہونے والا ورلڈ کپ کھیلنے انڈیا جائے گی۔

دفترِ خارجہ کی جانب سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا تھا کہ ’پاکستان کو اپنی ٹیم کی سکیورٹی کے حوالے سے تحفظات ہیں اور ہم اپنے تحفظات انڈین حکام اور انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کو پہنچا رہے ہیں۔‘

پاکستان کی جانب سے کہا گیا تھا کہ وہ امید کرتے ہیں کہ انڈیا کے دورے کے دوران کرکٹ ٹیم کی حفاظت کو یقینی بنایا جائے گا۔

ورلڈ کپ میں پاکستان اور انڈیا کی ٹیمیں گجرات کے نریندر مودی سٹیڈیم میں 14 اکتوبر کو آمنے سامنے ہوں گی۔

اس سے قبل پاکستان اور انڈیا کی ٹیموں کے درمیان ایشیا کپ کا ایک میچ سری لنکا میں ستمبر میں کھیلا جائے گا۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More