پاکستان کے سابق وزیراعظم عمران خان کو توشہ خانہ کیس میں سزا کے بعد جیل میں ڈالا جاچکا ہے، پاکستان میں کسی وزیراعظم کو جیل میں ڈالنے کا یہ پہلا واقعہ نہیں ہے، عمران خان سے پہلے کون کون سے وزرائے اعظم جیل جاچکے ہیں آیئے آپ کو بتاتے ہیں۔
حسین شہید سہروردی
حسین شہید سہروردی پاکستان کے پانچویں وزیر اعظم تھے، حسین سہروردی کو جنرل ایوب خان کی فوجی بغاوت کی حمایت کرنے سے انکار کے بعد جنوری 1962 میں گرفتار کیا گیا، اس لیے انہیں "ریاست مخالف سرگرمیوں" کے جھوٹے الزام میں گرفتار کر لیا گیا اور ان الزامات پر مقدمہ چلائے بغیر کراچی کی سینٹرل جیل میں قید کر دیا گیا۔
ذوالفقار علی بھٹو
ذوالفقار علی بھٹو پاکستان کے نویں وزیر اعظم تھے, 1974 میں بھٹو پر ایک سیاسی حریف کے قتل کی سازش کا الزام لگایا گیا لیکن لاہور ہائی کورٹ کے جج خواجہ محمد احمد صمدانی نے انہیں رہا کر دیا کیونکہ ان کی گرفتاری کی کوئی قانونی بنیاد نہیں تھی، بعد میں انہیں مارشل لاء ریگولیشن 12 ایکٹ کے تحت سزا سنائی گئی اور گرفتار کیا گیا۔ اس قانون کو کسی بھی عدالت میں چیلنج نہیں کیا جا سکتا، انہیں موت کی سزا سنائی گئی اور 4 اپریل 1979 کو پھانسی دی گئی۔
بے نظیر بھٹو
بے نظیر بھٹو دو مرتبہ 1988 سے 1990 تک اور ایک بار پھر 1993 سے 1996 تک وزیراعظم رہیں۔ انہیں پہلی بار 1985 میں نظر بند کیا گیا اور 90 دن تک نظر بند رکھا گیا، پھر اگست 1986 میں یوم آزادی کے موقع پر ایک ریلی میں حکومت کو برا بھلا کہنے پر نظربندی کا سامنا کرنا پڑا۔
اپریل 1999 میں، بینظیر پر سوئس کمپنی سے رشوت لینے کا الزام لگایا گیا اور انہیں پانچ سال قید کی سزا سنائی گئی، نہ صرف یہ کہ انہیں عوامی عہدہ رکھنے کے لیے نااہل قرار دے دیا گیا۔ نومبر 2007 میں بے نظیر کو جنرل مشرف کی حکومت کے خلاف لانگ مارچ کی قیادت کرنے سے روکنے کے لیے دوبارہ ایک ہفتے کے لیے نظر بند کر دیا گیا تھا۔
نواز شریف
پاکستان کے تین بار وزیر اعظم رہنے والے نواز شریف کو جنرل پرویز مشرف کی حکومت کے دوران ستمبر 2007 میں 10 سال کے لیے جلاوطن کر دیا گیا۔ جب وہ پاکستان واپس آئے تو انہیں گرفتار کر کے سعودی عرب بھیج دیا گیا تاکہ وہ جلاوطنی کے بقیہ سال گزار سکیں۔
جولائی 2018 میں نواز شریف کو ان کی صاحبزادی مریم سمیت کرپشن کے الزام میں 10 سال قید کی سزا سنائی گئی۔ دسمبر 2018 میں، نواز شریف، جنہوں نے پاکستان میں بطور وزیر اعظم سب سے طویل عرصہ گزارا تھا، ان کو العزیزیہ اسٹیل ملز کرپشن کیس میں دوبارہ سات سال قید کی سزا سنائی گئی۔
شاہد خاقان عباسی
مسلم لیگ ن کے شاہد خاقان عباسی جنوری 2017 سے مئی 2018 تک پاکستان کے وزیر اعظم رہے۔ شاہد خاقان عباسی کو نیب نے ایل این جی کیس میں مبینہ کرپشن کے الزام میں گرفتار کیا تھا۔ بعد ازاں 27 فروری 2020 کو انہیں اڈیالہ جیل سے رہا کر دیا گیا۔
شہباز شریف
پاکستان کے موجودہ وزیر اعظم شہباز شریف کو نیب نے 28 ستمبر 2020 کو لاہور ہائی کورٹ کی جانب سے منی لانڈرنگ کیس میں ضمانت مسترد ہونے کے بعد گرفتار کیا تھا۔ تقریباً سات ماہ بعد انہیں لاہور کی کوٹ لکھپت سنٹرل جیل سے رہا کر دیا گیا تھا۔
عمران خان
پاکستان کے 22 ویں وزیر اعظم عمران خان نے اگست 2018 سے اپریل 2022 تک خدمات انجام دیں۔ مئی 2023 میں، انہیں رینجرز اہلکاروں نے نیب کے حکم پر القادر یونیورسٹی ٹرسٹ کیس میں کرپشن کے الزام میں گرفتار کیا تھا۔ تین ماہ بعد اگست 2023 میں انہیں توشہ خانہ کیس میں بدعنوانی کے الزام میں قصوروار ٹھہرائے جانے کے بعد انہیں گرفتار کر لیا گیا اور اٹک جیل میں قید کردیا گیا ہے۔