پاکستان میں سیاسی کشیدگی پر ’تشویش‘، عدم استحکام پیدا ہو سکتا ہے: امریکہ

اردو نیوز  |  Aug 09, 2023

امریکہ نے کہا ہے کہ وہ پاکستان کے عام انتخابات میں تشدد کے امکان کو تشویش کی نظر سے دیکھتا ہے جس کی وجہ سے ملک میں عدم استحکام پیدا ہو سکتا ہے۔

واضح رہے کہ توشہ خانہ کیس میں سزا کے بعد پاکستان کے سرکردہ سیاسی رہنما عمران خان کو الیکشن میں حصہ لینے سے روک دیا گیا ہے۔

بدھ کو وائٹ ہاؤس میں نیشنل سکیورٹی کونسل کے ترجمان جان کربی نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ’یقینی طور پر ہمیں پاکستان میں تشدد کے واقعات پر تشویش ہے جن کی وجہ سے ملک میں عدم استحکام بڑھ سکتا ہے، یا کسی بھی ایسے ملک میں جہاں انسداد دہشت گردی کے حوالے سے ہمارے مشترکہ مفادات ہیں۔ لہٰذا، بالکل ہم اسے تشویش کی نظر سے دیکھتے ہیں۔‘

فرانسیسی نیوز ایجنسی اے ایف پی کے مطابق جان کربی سے سوال پوچھا گیا تھا کہ کیا آبادی کے لحاظ سے دنیا کے پانچویں بڑے ملک پاکستان میں شدت پسند سیاسی افراتفری کا فائدہ اٹھا سکتے ہیں کیونکہ پاکستان کی قومی اسمبلی کی مدت ختم ہو رہی ہے جس کے بعد نگراں حکومت قائم ہو گی جو الیکشن کروائے گی۔

اے ایف پی کے مطابق عمران خان پاکستان کے سب سے مقبول سیاسی رہنما ہیں اور انہیں نااہل قرار دیا گیا ہے۔ گذشتہ برس اپریل میں ان کو اقتدار سے ہٹا دیا گیا تھا اور حال ہی میں انہیں کرپشن کے الزامات پر جیل بھیج دیا گیا ہے، تاہم ان کے حامیوں کا کہنا ہے یہ الزامات سیاسی بنیادوں پر لگائے گئے ہیں۔

’امریکہ سازشی مفرضوں سے بچنے کے لیے عمران خان اور الیکشن کے حوالے سے محتاط تبصرہ کرتا ہے۔‘

عمران خان امریکہ کے فوجی آپریشنز پر تنقید کرتے ہیں اور ان کا کہنا ہے کہ ایک سینیئر امریکی عہدیدار نے ان کی حکومت ختم کروائی، تاہم امریکہ نے اس دعوے کی سختی سے تردید کی ہے۔

منگل کو امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان میتھیو ملر نے کہا تھا کہ عمران خان کی گرفتاری ’پاکستان کا اندرونی معاملہ‘ ہے۔

تاہم انہوں نے یہ بھی کہا تھا کہ ’ہم پاکستان میں سیاسی اصولوں، انسانی حقوق اور قانون کی حکمرانی پر زور دیتے رہیں گے جیسا کہ ہم دنیا کے باقی ممالک کے لیے کہتے رہتے ہیں۔‘

مزید خبریں

تازہ ترین خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More