جولائی 2023 سرکاری طور پر کرہ ارض کا گرم ترین مہینہ قرار

اردو نیوز  |  Aug 09, 2023

ماحول پر نظر رکھنے والے یورپی ادارے نے سرکاری طور پر جولائی کو کرہ ارض کا گرم ترین مہینہ قرار دے دیا ہے۔

خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق کوپرنیکس کلائمیٹ چینج سروس نے اعلان کیا کہ جولائی 2023 میں عالمی سطح پر اوسط درجہ حرارت 16.95 ڈگری سلسیئس ریکارڈ کیا گیا ہے جبکہ اس سے پہلے جولائی 2019 گرم ترین ماہ قرار دیا گیا تھا جب عالمی اوسط درجہ حرارت 16.63 ڈگری سیلسیئس تھا۔ 

ادارے کی ڈپٹی ڈائریکٹر سمانتھا برجیس کا کہنا ہے کہ درجہ حرارت میں اضافے کے باعث شدید نوعیت کے واقعات تواتر سے پیش آ رہے ہیں جس کے لوگوں اور ارض دونوں کے لیے ہی سنگین نتائج ہیں۔

سائنسدانوں نے انسانوں کو ماحولیاتی تبدیلیوں کا ذمہ دار ٹھہرایا ہے جو دراصل کوئلے، تیل اور قدرتی گیس کے جلانے سے پیدا ہو رہی ہیں۔

رواں سال جنوب مغربی امریکی ریاستوں، مکسیکو، یورپ اور ایشیا میں گرمی کی شدید لہر کا سامنا رہا۔

اس سے قبل سال 2016 کے بعد 2022 میں گرم ترین دن کا ریکارڈ ٹوٹا تھا لیکن رواں سال 3 جولائی کے بعد سے ہر دن درجہ حرارت میں اضافے کا نیا ریکارڈ قائم ہوا ہے۔

امپیریئل کالج لندن کے سائنسدان فریڈریک اوٹو کا کہنا ہے کہ درجہ حرارت میں مسلسل اضافہ یہ عندیہ ہے کہ ہم نے کس حد تک ماحول کو تبدیل کر کے رکھ دیا ہے، ہم بہت ہی مختلف دنیا میں رہ رہے ہیں جس کی ہمیں عادت نہیں ہے۔

گزشتہ ماہ عالمی اوسط درجہ حرارت صنعتی دور سے پہلے کے وقتوں کے مقابلے میں 1.5 ڈگری سیلسیئس زیادہ گرم تھا۔

رواں سال کا پچھلا مہینہ اس قدر گرم تھا کہ 1991 سے 2020 تک کے جولائی سے 0.7 ڈگری سلسیئس زیادہ گرم ریکارڈ کیا گیا۔

دنیا بھر کے سمندر گزشتہ تیس سالوں کے مقابلے میں نصف ڈگری سلسیئس زیادہ گرم ہیں جبکہ شمالی ایٹلانٹک کا درجہ حرارت اوسط درجہ حرارت سے 1.05 ڈگری سیلسیئس زیادہ ہے۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More