عمران خان کا باب بند ۔۔ نوازشریف اگلے وزیراعظم کنفرم ۔۔ بلاول اور زرداری کو کیا ملے گا؟

ہماری ویب  |  Aug 05, 2023

عمران خان کو تھکا تھکا کر دیوار سے لگانے کا وقت قریب آگیا ہے، نوازشریف ایک بار پھر وزیراعظم بننے کی تیاری کررہے ہیں، آصف زرداری کا ہزار کوششوں کے باوجود کم سے کم اگلے 10 سال تک بلاول کو وزیراعظم بنانے میں کامیاب ہونا مشکل نہیں ناممکن ہے۔

پاکستان کی سیاست کا اونٹ کس کروٹ بیٹھے گا۔۔ عمران خان کس حال میں ہونگے۔۔ نوازشریف کیسے چوتھی بار وزیراعظم کی شیروانی پہنیں  گے اور بلاول بھٹو کا مستقبل کیا ہوگا۔۔ ہم آپ کو بتائینگے۔

پاکستان میں ان دنوں سیاسی درجہ حرارت اپنے نقطہ عروج کو پہنچ چکا ہے، اسمبلی کی تحلیل اور انتخابات کی صداؤں نے ماحول میں مزید تپش پیدا کردی ہے گوکہ ملک میں فوری انتخابات کا عمل مشکل دکھائی دیتا ہے لیکن اگلی حکومت کے حوالے سے کچھ اہم حقائق سامنے آئے ہیں جو ہم آپ کو بتانے جارہے ہیں۔

ہم نے آپ کو بتایا کہ اگلے وزیراعظم نوازشریف ہونگے۔ اس کی وجوہات کیا ہیں۔ یہ جاننے سے پہلے آپ کو بتاتے چلیں کہ پاکستان کی سیاست کے جادوگر آصف علی زرداری نے دعویٰ کیا تھا کہ پاکستان کے اگلے وزیراعظم بلاول بھٹو ہونگے۔

پی ڈی ایم حکومت میں ملک چاہے کتنی کی مشکلات سے دوچار رہا لیکن بلاول بھٹو وزارت خارجہ کا قلمدان لے کر پوری دنیا میں اپنی لابنگ میں  مصروف رہے لیکن اس کے باوجود ان کا وزیراعظم کی کرسی تک پہنچنا ابھی تو مشکل ہے۔

عمران خان نے پیپلزپارٹی اور مسلم لیگ کا گٹھ جوڑ توڑا لیکن اس وقت ان کا سیاسی مستقبل تاریک نظر آتا ہے۔۔ سانحہ نومئی۔ ۔ توشہ خانہ اور دیگر الزامات کے تحت الیکشن سے قبل عمران خان کو منظر سے ہٹانا ناگزیر ہے، یعنی آپ یوں کہہ سکتے ہیں کہ اگر عمران خان ہونگے تو الیکشن نہیں ہونگے اور الیکشن ہونگے تو عمران خان نہیں ہونگے۔

پاکستان چند روز قبل دیوالیہ ہونے کے قریب تھا لیکن آئی ایم ایف، چین، سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کی مہربانی سے پاکستان ڈیفالٹ ہونے سے بچ گیا ۔حیرت کی بات تو یہ ہے کہ محض چند روز میں ہی پاکستان کی معیشت کے بارے میں ایسی خبریں آنا شروع ہوچکی ہیں کہ اگر یہ حقیقت کا روپ دھار لیں تو ہمارا مستقبل ایسا تابناک ہوگا کہ ہمیں پھر کبھی قرضوں اور بھیک مانگنے کی ضرورت نہیں رہے گی۔

اب یہاں معیشت اور سیاست کو جمع کریں تو شائد آپ کو عمران، نواز اور بلاول کے بارے میں فیصلہ کرنے میں آسانی ہوگی۔ہم زیادہ گہرائی میں نہیں جاتے لیکن اگر آپ کو چیدہ چیدہ حالات بتائیں تو اس وقت پاکستان میں معاشی بحالی کیلئے جو اقدامات اٹھائے جارہے ہیں وہ شائد ماضی میں دیکھنے میں نہیں آئے۔

اسپیشل فیسی لیٹیشن کونسل کا قیام ۔۔ منرل سمٹ اور عسکری قیادت کی معاشی معاملات میں شمولیت آنے والے وقت کا نمونہ پیش کرتی ہے۔اسپیشل فیسی لیٹیشن کونسل سے بیرونی سرمایہ کاروں کو سہولت ملے گی۔۔ کیونکہ اس پہلے جب باہر سے پاکستان میں کوئی سرمایہ کار آتا تھا تو اس کو ایک دو نہیں بلکہ 2 درجن کے قریب محکموں ذلیل و خوار کرتے تھے اور جگہ جگہ رشوت مانگی جاتی تھی جس کی وجہ سے باہر سے آنے والے سرمایہ کار کانوں کو ہاتھ لگاتے ہوئے واپس بھاگ جاتے تھے۔

اب اسپیشل فیسی لیٹیشن کونسل کونسل سرمایہ کاروں کو ون ونڈو آپریشن کے ذریعے سہولت فراہم کرے گی جس سے پاکستان میں بیرونی سرمایہ کار بغیر کسی مشکل کے پیسہ لگاسکیں گے۔اگر آپ کو یاد ہو تو ابھی کچھ دن پہلے امریکا کے سابق نمائندہ خصوصی زلمے خلیل نے سابق صدر آصف زرداری کو مسٹر ٹین پرسنٹ کہا تھا۔

آصف زرداری کو اب سے نہیں بلکہ کئی برسوں سے مسٹر 10 پرسنٹ کہا جاتا ہے کیونکہ وہ سرکاری معاہدوں سے اپنا 10 پرسنٹ حاصل کرنا نہیں بھولتے تھے اور انہیں یہ لقب فرانس سے ملا تھا۔

ابھی دو روز قبل پاکستان نے سی پیک کی 10 ویں سالگرہ منائی لیکن حیرت کی بات یہ ہے کہ اس میں آصف زرداری کہیں نظر نہیں آئے۔ ن لیگ ہمیشہ سی پیک کا کریڈٹ لیتی ہے لیکن آپ کو بتاتے چلیں کہ سی پیک کے اصل موجد تو آصف زرداری ہیں۔

اب نوازشریف سے پہلے عمران خان کی بات کریں تو چین اس وقت دنیا کی سب سے بڑی معاشی طاقت بننے جارہا ہے۔۔ کسی کے وہم و گمان میں بھی نہیں تھا کہ ایران اور سعودیہ کے درمیان خوشگوار سفارتی تعلقات ہونگے لیکن چین نے یہ بھی کردکھایا اور پاکستان چین کیلئے بھی انتہائی اہمیت رکھتا ہے۔

چین کو معاشی طاقت بڑھانے کیلئے پاکستان میں مضبوط حکومت کی ضرورت ہے اور عمران خان سی پیک میں سست روی اور اپنے کچھ نامناسب رویوں کی وجہ سے چین اور دیگر عالمی قوتوں کیلئے ناپسندیدہ قرارپاچکے ہیں اس لئے مستقبل میں عمران خان کا دوبارہ وزیراعظم بننا کسی صورت ممکن نہیں۔

آصف زرداری پاکستان میں بھلے ہی اپنا اثر و رسو رکھتے ہوں لیکن اقوام عالم میں انہیں زیادہ پذیرائی حاصل نہیں ہے، عمران خان ویسے ہی سائیڈ لائن ہوچکے ہیں۔۔ اب بچتے ہیں نوازشریف۔پاکستان کی معیشت کو سہارا دینے والے 3 ہی ملک ہیں جو ہر صورت میں پاکستان کی مدد کو آتے ہیں۔۔ وہ ہیں چین۔۔ متحدہ عرب امارات اور سعودی عرباور دلچسپ بات تو یہ ہے کہ ان تینوں ممالک کے نزدیک سب سے قابل بھروسہ شخصیت صرف نوازشریف ہیں۔

پاکستان میں بننے والے معاشی منصوبوں ۔۔ عالمی منظر نامے ۔۔ چین کی پیش قدمی اور سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے باوثوق ذرائع نوازشریف کو پاکستان کا اگلا وزیراعظم قرار دے رہے ہیں۔۔ اس لئے اگلی بار آپ چاہے جسے بھی ووٹ دیں ڈبے سے صرف شیر ہی نکلے گا۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More