ممبئی میں دلیپ کمار کا تاریخی گھر مسمار کر کے رہائشی منصوبہ بنایا جائے گا

اردو نیوز  |  Aug 04, 2023

لیجنڈری انڈین اداکار دلیپ کمار کا ممبئی کے علاقے پالی ہِل میں مشہور زمانہ بنگلہ مسمار کرنے کی تیاری کرلی گئی ہے جہاں ان کے خاندان کی مرضی سے ایک نیا رہائشی منصوبہ بنایا جائے گا۔

انٹرٹینمنٹ کی خبروں کے لیے مشہور ویب سائٹ ’پنک وِلا‘ کے مطابق اس 1 لاکھ 75 ہزار مربع فُٹ کی زمین پر بننے والے رہائشی منصوبے میں ایک میوزیم بھی شامل ہو گا جہاں اداکار کی فلمی زندگی کے یادگار لمحات کو محفوظ کیا جائے گا۔

انڈین ایکسپریس کے مطابق یہ رہائشی منصوبہ 11 منزلوں پر مشتمل ہوگا جس میں دلیپ کمار کا خاندان اور آشار گروپ شراکت دار ہوں گے اور اس منصوبے سے 900 کروڑ کا منافع ہونے کی توقع ہے۔

دلیپ کمار کا یہ بنگلہ پہلے بھی قانونی پیچیدگیوں کی وجہ سے خبروں کی زینت رہا ہے۔ سنہ 2017 میں دلیپ کمار کے خاندان کی جانب سے ایک رئیل اسٹیٹ کمپنی پر یہ الزام لگایا تھا کہ وہ جعلی کاغذات بنوا کر دلیپ کمار کی زمین پر قبضہ کرنا چاہتی ہے۔

ان کی زمین کا یہ معاملہ عدالت میں بھی چلتا رہا اور آخر کار دلیپ کمار کی بیوی نے یہ مقدمہ جیتا اور اعلان کیا کہ انہیں اس بنگلے کی چابیاں مل گئی ہیں۔

خیال رہے کہ جولائی 2021 میں دلیپ کمار طویل بیماری کے بعد 98 سال کی عمر میں چل بسے تھے۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More