تین ڈالر کی انعامی لاٹری جس نے 11 انڈین خاکروبوں کی زندگیاں بدل دیں

اردو نیوز  |  Aug 03, 2023

انڈین ریاست کیرالہ میں ایک خاتون خاکروب نے اپنی 10 دوستوں کے ساتھ مل کر تین ڈالر کا لاٹری ٹکٹ خریدا کیونکہ ان کے پاس یہ ٹکٹ اکیلے خریدنے کے لیے پیسے نہیں تھے۔

گذشتہ ہفتے شیجا نامی خاتون کی قسمت اس وقت بدلی جب ان کی لاٹری نکل آئی جس کی کُل مالیت 12 لاکھ ڈالر ہے۔

عرب نیوز کے مطابق شیجا کیرالہ میں گھر گھر جا کر کوڑا اکٹھا کرتی ہیں۔ انہوں نے جب اپنی دوستوں کے ساتھ مل کر یہ لاٹری ٹکٹ خریدا تو ان کے پاس بالکل پیسے نہیں بچے اور انہیں اپنے کام سے فارغ ہو کر گھر بھی پیدل جانا پڑا تھا۔

شیجا کا کہنا ہے کہ ’میں نے اس دن پیدل گھر جانے کا اچھا فیصلہ کیا تھا۔‘

ٹیکس کی کٹوتی کے بعد شیجا اور ان کی دوستوں کو سات لاکھ ڈالر ملیں گے اور یہ پیسے وہ تمام سہیلیاں مساوی طور پر تقسیم کر لیں گی۔

شیجا کا کہنا ہے کہ ’وہ میری زندگی کا سب سے بڑا سرپرائز تھا کیونکہ یہ اتنی بڑی رقم ہے جس سے میری تمام مشکلات دور ہو سکتی ہیں۔

شیجا اور ان کی دیگر خاکروب سہیلیوں کی ماہانہ تنخواہ 100 ڈالر سے بھی کم ہے اور انہیں اپنا گھر چلانے کے لیے لوگوں سے ادھار لینا پڑتا تھا۔

اس حوالے سے ان کا کہنا ہے کہ ’میں اپنا تمام قرض اُتار دوں گی، اپنا گھر بنواؤں گی اور باقی پیسے اپنے بچوں کی تعلیم پر خرچ کروں گی۔‘

شیجا کی دوست رادھا کا کہنا ہے کہ وہ لاٹری کی انعامی رقم سے اپنے بھائی کا علاج کروائیں گی جو کہ طویل عرصے سے بیمار ہیں۔

رادھا کا کہنا ہے کہ ’میں نے زندگی میں کبھی ہزار روپے سے زیادہ کا انعام نہیں جیتا۔ جو انعامی رقم ہمیں ملے گی اس سے ہماری زندگیاں بدل جائیں گی۔‘

اتنی بڑی انعامی رقم ملنے کے باوجود بھی شیجا اور ان کی سہہلیوں کا کہنا ہے کہ وہ بحیثیت خاکروب اپنی نوکریاں جاری رکھیں گی۔

شیجا کی ایک اور دوست لکشمی کا کہنا ہے کہ ’نوکری چھوڑنے کا تو سوال ہی نہیں پیدا ہوتا کیونکہ اس نوکری نے ہمیں استحکام بخشا ہے۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More