انڈیا جانے والی سیما حیدر کو فلم میں ’را‘ کی ایجنٹ کے کردار کی پیشکش

اردو نیوز  |  Aug 03, 2023

پاکستان سے غیرقانونی طور پر انڈیا جانے والے خاتون سیما حیدر کو فلم میں کام کرنے کی آفر کی گئی ہے۔

انڈیا ٹوڈے کی ایک رپورٹ کے مطابق ’جانی فائرفاکس پروڈکشن ہاؤس‘ کی ایک ٹیم نے گریٹر نوئیڈا میں سیما حیدر سے اُن کے گھر پر ملاقات میں آڈیشن لیا ہے۔

فلم ’آ ٹیلر مرڈر سٹوری‘ کی کہانی اُدے پور میں میں قتل کیے گئے ایک درزی کنہیا لال کے گرد گھومتی ہے جن کو مسلمان شدت پسندوں نے نشانہ بنایا۔

رپورٹ کے مطابق سیما حیدر جنہوں نے غیرقانونی طور پر سرحد پار کر کے انڈیا میں سکونت اختیار کی اور جن پر پاکستان کی خفیہ ایجنسی آئی ایس آئی کا ایجنٹ ہونے کا شُبہ ظاہر کیا گیا کو اس فلم میں انڈین خفیہ ایجنسی ’را‘ کی ایجنٹ کا کردار دیا گیا ہے۔

سیما اور اُن کے شوہر سچن نے فلم کے ڈائریکٹرز جیانت سنہا اور بھارت سنگھ سے بھی ملاقات کی۔

یہ ملاقات ایک ایسے وقت ہوئی جب ایک ویڈیو منظرعام پر آئی جس میں سیما اور سچن کو ریاست اُترپردیش کے گریٹر نوئیڈا میں نئے گھر میں رہائش کے بعد مشکلات کا شکار دکھایا گیا۔

اس ویڈیو میں دونوں نے دعویٰ کیا کہ وہ مالی مشکلات کا شکار ہیں اور کھانے پینے کی اشیا بھی نہیں خرید سکتے۔

اُن کا کہنا تھا کہ دیگر ضروری اشیا کی خریداری کے لیے بھی رقم نہیں۔

قبل ازیں انڈیا کی ایک سرکردہ ہندو تنظیم کرنی سینا نے کہا تھا کہ وہ سیما حیدر کو ’پاکستان کی سرحد تک چھوڑ کر آئے گی۔‘

سیما حیدر نے انڈیا کی صدر کو خط لکھا ہے اور ان سے شہریت دینے کی اپیل کی ہے۔

سیما حيدر گذشتہ ماہ اپنے چار بچوں کے ساتھ غیر قانونی طور پر انڈیا میں داخل ہوئی تھیں۔ ان کی انڈین شہری سچن سے پب جی موبائل گیم کھیلنے کے دوران جان پہچان ہوئی تھی جو کچھ عرصے میں محبت میں تبدیل ہوئی۔

انھوں نے ایک انٹرویو میں بتایا تھا کہ ’اب میں ان سے محبت کرتی ہوں اور ان کے لیے اپنا وطن چھوڑ کر آئی ہیں۔‘

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More