“پولیس والوں کو بتایا کہ میں ورلڈ چیمپئن ہوں تو وہ کہتے کہ ہمارے اوپر کون سا احسان کیا ہے اور غلیظ گالیاں دینے لگے۔ میں نے ہمیشہ اپنے ملک کا نام روشن کرنے کے لیے کوشش کی اور کامیاب بھی ہوا لیکن یہ نہیں معلوم تھا کہ میرے ملک میں ہی مجھے ذلیل و رسوا کردیا جائے گا“
یہ کہنا ہے ورلڈ اور ایشین انڈر 21 اسنوکر چیمپئن احسن رمضان کا جنھیں گزشتہ شب پولیس نے اسنوکر کلب میں چھاپہ مار کر تھانے لے جا کر حوالات میں بند کردیا۔ احسن رمضان کا کہنا ہے کہ وہ اپنے دوستوں کے ساتھ کلب میں موجود تھے جبکہ پولیس والوں نے ان کی بیلٹ اور موبائل بھی لے لیا تھا۔
واضح رہے کہ واقعے کے بعد احسن رمضان نے ایک ویڈیو اپلوڈ کی جس میں انھوں نے روتے ہوئے بتایا کہ وہ آئیندہ آنے والے اسنوکر میچز کی ٹریننگ کے لئے پریکٹس کررہے تھے لیکن پولیس نے ان کی ایک نہ سنی۔ بعد میں ایک قریبی دوست نے انھیں حوالات سے نکلوایا۔ احسن رمضان نے وزیراعظم اور آئی جی پولیس سے انصاف کی اپیل کی ہے۔