سپریم کورٹ نے توشہ خانہ کا ٹرائل روکنے کی استدعا ایک بار پھر مسترد کر دی

اردو نیوز  |  Aug 02, 2023

پاکستان کی سپریم کورٹ نے سابق وزیراعظم عمران خان کی جانب سے توشہ خانہ کیس میں مقامی عدالت میں جاری ٹرائل روکنے کی استدعا ایک بار پھر مسترد کر دی ہے۔

بدھ کو جسٹس یحییٰ آفریدی کی سربراہی میں تین رکنی بینچ  نے توشہ خانہ کیس میں ٹرائل کے خلاف عمران خان کی درخواست پر سماعت کی۔

عدالت نے چیئرمین تحریک انصاف کے وکیل خواجہ حارث کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ’جو ریلیف آپ نے مانگا وہ ہم نے دے دیا تھا۔ حیرت ہے آپ نے پھر بھی سپریم کورٹ سے رجوع کیا۔‘

جسٹس یحیٰ آفریدی نے کہا کہ ’ہائی کورٹ میں کیس اب کب کے لیے مقرر ہے۔

جس پر وکیل خواجہ حارث نے بتایا کہ کیس کل ہائی کورٹ میں سماعت کے لیے مقرر ہے۔ اصل سوال دائرہ اختیار کا ہے۔‘

جسٹس یحیٰ آفریدی نے کہا کہ ’آپ کی درخواست غیرموثر ہوچکی تھی پھر بھی ہم نے سنا اور آرڈر دیا۔ ہم نے سمجھا تھا ہائی کورٹ آپ کو بہتر آرڈر دے گی۔ ہم نے حکم نامے میں لکھا تھا کہ اہئی کورٹ درخواستوں کو اکھٹا کر کے سُنے۔‘

انہوں نے کہا کہ ’ہوسکتا ہے کہ جو ریلیف آپ مانگ رہے ہیں وہ ہائیکورٹ فیصلہ کردے۔ پہلے ہائی کورٹ کو فیصلہ کرنے دیں۔‘

عمران خان کے وکیل خواجہ حارث نے موقف اپنایا کہ ہائی کورٹ نے حکم امتناع نہیں دیا اس لیے سپریم کورٹ آئے ہیں۔

عدالت نے توشہ خانہ کیس میں ٹرائل روکنے کی استدعا مسترد کرتے ہوئے سماعت چار اگست کو ساڑھے گیارہ بجے تک ملتوی کر دی۔

مزید خبریں

تازہ ترین خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More