’ایج صرف نمبر ہے رومانس کے لیے کوئی عمر نہیں ہوتی‘، دھرمیندر کا ناقدین کو جواب

اردو نیوز  |  Aug 01, 2023

بالی وڈ اداکار عالیہ بھٹ اور رنویر سنگھ کی فلم ’راکی اور رانی کی پریم کہانی‘ پر فینز کی جانب سے کافی اچھے تاثرات سامنے آئے ہیں۔

عالیہ بھٹ اور رنویر سنگھ کی اداکاری اور گانوں سے لے کر کرن جوہر کی ہدایت کاری تک اس فلم کے تمام پہلوؤں کو سراہا جا رہا ہے۔

لیکن فلم کا ایک سین خاص طور پر فینز کی توجہ کا مرکز رہا ہے جو دراصل شبانہ اعظمی اور دھرمیندر سے متعلق ہے۔

اس سین میں دکھایا گیا ہے کہ دونوں اداکار کئی سال بعد ملتے ہیں اور یوں لگتا ہے جیسے وقت ٹھہر گیا ہو۔

کچھ ہی سیکنڈ بعد دھرمیندر بالی وڈ کا کبھی نہ بھولنے والا گانا گاتے ہیں اور ساتھ ہی اپنی ساتھی اداکارہ کو بوسہ دیتے ہیں۔

اس گانے کے بول کچھ یوں ہیں، ’ابھی نہ جاؤ چھوڑ کر کہ دل ابھی بھرا نہیں‘ جو دراصل 1961 میں آنے والی فلم ’ہم دونوں‘ میں دیو آنند اور سادھنا پر فلمایا گیا۔

دھرمیندر نے اس سین پر بات کرتے ہوئے انڈین ویب سائٹ نیوز 18 کو بتایا کہ ’آخری مرتبہ میں نے بوسے والا منظر نفیسہ علی کے ساتھ فلم ’لائف ان آ میٹرو‘ میں کیا تھا اور تب بھی لوگوں نے سراہا تھا۔‘

’جب کرن جوہر نے مجھے سین سنایا تو مجھے ایکسائٹمنٹ نہیں ہوئی۔ ہم سمجھتے ہیں اور مجھے بھی احساس ہوا کہ یہ فلم کی ضرورت ہے اور زبردستی نہیں فلم میں شامل کیا گیا۔‘

    View this post on Instagram           A post shared by Alia Bhatt  (@aliaabhatt)

دھرمیندر نے عمر اور رومانس کے تعلق پر بات کرتے ہوئے کہا کہ ’میرے خیال میں رومانس کے لیے کوئی عمر نہیں ہوتی۔ ایج تو صرف ایک نمبر ہے اور دو لوگ چاہے ان کی عمر جو بھی ہو ایک دوسرے کے لیے اپنے پیار کا اظہار بوسہ دے کر ہی کریں گے۔‘

دھرمیندر نے مزید کہا کہ شبانہ اعظمی اور انہیں سین کرتے ہوئے بالکل عجیب محسوس نہیں ہوا۔

یہ فلم 28 جولائی کو انڈیا سمیت دنیا بھر کے سنیما گھروں میں نمائش کے لیے پیش کی گئی ہے۔

رواں ماہ کے آٖغاز میں اس فلم کا ٹریلر جاری کیا گیا تھا اور اس سے بھی پہلے اس کا پہلا گانا ’تم کیا ملے‘ ریلیز کیا گیا تھا جسے شائقین نے بہت پسند کیا۔

راکی اور رانی کی پریم کہانی کرن جوہر کی سات سال بعد بطور ہدایتکار پہلی فلم ہے۔

اس سے قبل 2016 میں اُن کی فلم ’اے دل ہے مشکل‘ ریلیز ہوئی تھی۔

خیال رہے کہ کرن جوہر کا شمار ہندی فلم انڈسٹری کے اُن ہدایتکاروں میں ہوتا جن کی ابھی تک کوئی فلم فلاپ نہیں ہوئی۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More