’ہندوستان میں رہنا ہے تو مودی یا یوگی،‘ انڈین ٹرین میں پولیس اہلکار نے چار افراد کو قتل کردیا

اردو نیوز  |  Aug 01, 2023

انڈیا میں ریلوے پروٹیکشن فورس کے ایک حوالدار نے جے پور سے ممبئی جانے والی ایک ٹرین میں فائرنگ کر کے اپنے ایک افسر اور تین مسافروں کو ہلاک کر دیا ہے۔

انڈین ایکسپریس کے مطابق حوالدر چیتن سنگھ نے پہلے اپنی خودکار بندوق سے اسسٹنٹ سب انسپیکٹر ٹیکارام مینا پر گولی چلائی اور اس کے بعد مسافروں کو نشانہ بنایا۔

ہلاک ہونے والے تین مسافروں میں سے دو کی شناخت اصغر عباس علی اور عبدالقادر محمد حسین کے نام سے ہوئی۔

انڈین حکام کے مطابق ٹرین میں فائرنگ کا واقعہ صبح پانچ بجے اس وقت پیش آیا جب ٹرین واپی ریلوے سٹیشن سے نکلی اور ممبئی سے تقریباً دو گھنٹے دور تھی۔

سوشل میڈیا پر اس واقعے کی ایک ویڈیو بھی وائرل ہوئی ہے جس میں حوالدار چیتن سنگھ کو ایک لاش کے پاس کھڑے یہ کہتے ہوئے سُنا جا سکتا ہے کہ ’اگر ووٹ دینا ہے، اگر ہندوستان میں رہنا ہے تو میں کہتا ہوں مودی اور یوگی، یہ دو ہیں۔‘

ویڈیو کے حوالے سے انڈین ریلوے پولیس کا کہنا ہے کہ ’ہم اس ویڈیو کی تصدیق ملزم کو دکھا کر بھی کریں گے۔ اس نے ٹرین میں مسافروں کو دہشت زدہ کیا۔ ہم ٹکٹ چیکر، مسافروں اور ریلوے کے ملازمین کے بیانات بھی ریکارڈ کریں گے تاکہ ویڈیو کا مقصد جانا جا سکے۔

انڈین ایکسپریس سے بات کرتے ہوئے چیف سکیورٹی کمشنر کا کہنا تھا کہ ’حوالدار چیتن سنگھ غصے کا تیز ہے اور دماغی بیماریوں کا شکار ہے۔‘

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More