نیپرا نے ملک بھر میں صارفین کیلئے بجلی کے ٹیرف میں اضافے کے بعد کراچی کے شہریوں کیلئے جون کی فیول ایڈجسٹمنٹ کے بعد بجلی مزید مہنگی کرنے کی اجازت دیدی ہے۔
نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی نے آج کے الیکٹرک کی درخواست پر سماعت کے دوران کراچی کے صارفین کے لیے بجلی 2 روپے 31 پیسے فی یونٹ مہنگی کر دی ہے جس سے کراچی کے صارفین پر 4 ارب 30 کروڑ روپے کا اضافی بوجھ پڑے گا۔
نیپرا کے حکام کے مطابق یہ اضافہ جون کی ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں کیا گیا ہے جس کا کے الیکٹرک کے لائف لائن صارفین پر اطلاق نہیں ہوگا۔
نیپرا حکام کا کہنا ہے کہ کے الیکٹرک نے اپنے وسائل سے 24 روپے 90 پیسے فی یونٹ بجلی پیدا کی۔وفاق سے ملنے والی بجلی کی لاگت 11 روپے 56 پیسے فی یونٹ رہی ہے، کراچی کے صارفین کو اگست میں یہ اضافی ادائیگیاں کرنا ہوں گی۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز نیپرا نے حکومت کی منظوری کے بعد ملک بھر میں بجلی کی قیمتوں میں اضافے کا اعلان کیا تھا اور آج کے الیکٹرک کی درخواست پرعوام پر مزید بوجھ ڈال دیا گیا ہے۔