ایلون مسک کی ملکیت میں جانے کے بعد ٹوئٹر کی سب سے بڑی تبدیلی، ٹوئٹر کی جانب سے مشہور برڈ لوگو کا متبادل پیش کر کے نام بھی تبدیل کردیا گیا۔
سوشل میڈیا پر مشہور سائٹ ٹوئٹر کی چیف ایگزیکٹو لینڈا یاکارینو کی جانب سے ایک ٹوئٹ میں نئے لوگو کی تصویر پوسٹ کی گئی اور پھر اس کو سوشل میڈیا نیٹ ورک پر چڑیا والے لوگو کی جگہ لگا دیا گیا۔
ٹوئٹر کے نئے لوگو میں ایکس لکھا نظر آ رہا ہے جبکہ ٹوئٹر کے مالک ایلون مسک نے بھی اپنی پروفائل امیج بھی اس لوگو سے تبدیل کرتے ہوئے ٹوئٹر بائیو میں ایکس ڈاٹ کام کا اضافہ کر دیا ہے اور ٹوئٹر کا نام بھی ایکس کر دیا گیا ہے۔
ایلون مسک ٹوئٹر کو سپر ایپ ایکس میں بدلنے کے خواہشمند ہیں اور لوگو کی تبدیلی اسی لیے کی گئی ہے۔اس سے قبل ایلون مسک نے اپنے ایک بیان میں کہا تھا کہ بہت جلد ہم ٹوئٹر برانڈ اور تمام پرندوں کو خیرباد کہہ دیں گے، اگر ایکس لوگو اچھا ہوا تو وہ 23 جولائی کی شب پوسٹ کیا جائے گا اور 24 جولائی کو لائیو کر دیا جائے گا۔
یاد رہے کہ ایلون مسک کی جانب سے ٹوئٹر خریدنے کے بعد مقبول چڑیا ہٹاکر کتا بھی لگایا گیا تھا تاہم بعد میں کتا ہٹاکر واپس چڑیا بٹھادی گئی تھی لیکن اب چڑیا کو اڑا کر ایکس لگادیا ہے۔