سندھ پولیس کے اسپیشل سکیورٹی یونٹ کے کمانڈو احمد صدیقی نے باڈی بلڈنگ کے مقابلوں میں 3 ٹائٹلز اپنے نام کرلیے، اعلیٰ پولیس حکام کی شاباش، انعامات سے بھی نوازا گیا۔
آرٹس کونسل نیو کراچی ڈسٹرکٹ سینٹرل میں ہونیوالے مقابلے میں ایس ایس یو کے کمانڈو احمد صدیقی نے باڈی بلڈنگ میں 3 ٹائٹلز جبکہ ایس ایس یو کے ایک اور کمانڈو انتظار علی نے حال ہی میں مسٹر حیدرآباد کا ٹائٹل اپنے نام کیا۔
ایونٹ میں 6 کیٹیگریز میں پاکستان آرمی اور اے ایس ایف کے اہلکاروں سمیت 90 سے زائد باڈی بلڈرز نے شرکت کی جبکہ ایس ایس یو کے کمانڈو احمد صدیقی نے مسٹر بیچ فزیک 2023، مسٹر ایتھلیٹک سینٹرل 2023 اور مسٹر اوپن کراچی 2023 کے3 ٹائٹلزاپنے نام کیے۔
کامیابی کے بعد کمانڈو احمد صدیقی کا کہنا تھا کہ یہ ٹائٹلز جیتنا ان کے لیے بہت بڑی کامیابی اور اعزاز ہے۔اسپیشل سکیورٹی یونٹ نے کھیلوں میں ملک کا نام روشن کرنے کے لیے ہمیشہ ان کا ساتھ دیا ہے اور وہ مستقبل میں بھی محکمہ کے اسپانسر سے قومی اور بین الاقوامی سطح پر کامیابیوں کا سفر جاری رکھیں گے۔
احمد صدیقی کو شاندار کامیابی پر ڈی آئی جی سکیورٹی اینڈ ایمرجنسی سروسز ڈویژن ڈاکٹر مقصود احمد نے مبارکباد دی اور احمد صدیقی کو 1 لاکھ روپے جبکہ انتظار علی کو 50 ہزار روپے کا نقد انعام بھی دیا۔