وزارتِ خزانہ نے مہنگائی، بیروزگاری اور بجلی کی لوڈشیڈنگ کے ستائے غریب عوام کیلئے بجلی کے بلوں میں ٹی وی فیس کے ساتھ ریڈیو کی فیس بھی شامل کرنے کا اعلان کردیا ہے۔
سینیٹر سلیم مانڈوی والا کی زیرِ صدارت سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کے اجلاس میں وزارتِ خزانہ کے حکام نے کہا کہ بجلی کے بلوں میں 35 روپے پی ٹی وی اور 15 روپے ریڈیو فیس عائد ہوگی، سینیٹ کمیٹی کی سفارش پر یہ کام کیا گیا ہے۔
چند روز قبل نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری تھارٹی کی جانب سے بجلی کے بنیادی ٹیرف میں اضافہ کردیا گیا تھا۔
نیپرا نے سو یونٹ استعمال کرنے والوں کا بنیادی ٹیرف 13.4 روپے فی یونٹ سے بڑھا کر 18.36 روپے فی یونٹ کردیا۔
اس کے ساتھ 200 یونٹ استعمال کرنے والے صارفین کا بل ماہانہ بل 3700 روپے سے بڑھ کر 4700 روپے ہو جائے گا کیونکہ ان کا بنیادی ٹیرف 23.91 فی یونٹ ہوگا۔
نیپرا کی جانب سے ٹیرف میں اضافے کے بعد 300 یونٹ بجلی استعمال کرنے والے صارفین کا بل 6000 سے 8000 روپے کے درمیان ہوگا جب کہ 400 یونٹ استعمال کرنے والوں کے بل 12300 روپے تک جائے گا۔
500 یونٹ استعمال کرنے والوں کے بل 13000 سے 16000 روپے کے درمیان آئے گا۔