آئندہ سال پاکستانیوں کے لیے حج اخراجات کم ہو سکتے ہیں: وزیر مذہبی امور

اردو نیوز  |  Jul 19, 2023

وفاقی وزیر برائے مذہبی امور سینیٹر محمد طلحہ محمود نے کہا ہے کہ بروقت حکمت عملی سے آئندہ سال حج اخراجات نصف تک ہو سکتے ہیں۔

سینیٹر طلحہ محمود نے اسلام آباد کلب میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حجاج کی خدمت یہ ہے کہ مہنگائی کے دور میں سستا حج دیا جائے، اس حوالے سے خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی خدمات قابل تحسین ہیں۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ انہیں صرف دو ماہ ملے تھے اور اس عرصہ میں کوشش کی کہ حجاج کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کی جائیں اور مزید پیسے بھی حاجیوں کو واپس کیے جائیں گے۔

انھوں نے کہا کہ کروڑوں روپے کی ادویات حاجیوں کے پیسوں سے خریدنا بند کر رہے ہیں جبکہ فارما سیوٹییکل کمپنیوں کے تعاون سے مفت فراہم کی جائیں گی۔

سینیٹر طلحہ محمود کا کہنا تھا کہ ’ہم بہترین خدمات پر سعودی عرب کے فرماں روا شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔ سعودی عرب نے اس سال بھی مثالی انتظامات کیے۔‘

وفاقی وزیر نے بتایا کہ انہوں نے بغیر پروٹوکول کے عام حاجیوں کے ساتھ وقت گزارا اور شکایات کا فوری ازالہ کیا۔

انھوں نے کہا کہ ’کسی کو بھی مفت حج نہیں کروایا گیا۔ مفت حج بڑے بڑے سرکاری افسر کرتے تھے جو معاونین کے نام پر جا کر ڈیوٹی نہیں کرتے تھے۔ ہم نے وی آئی پی کلچر کا مکمل خاتمہ کیا اور اس کو مزید بہتر کریں گے۔‘

مزید خبریں

تازہ ترین خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More