دوپہر کی چائے ہو یا فلمی رات، کہیں گھومنے جانا ہو یا کسی دوست کے گھر پارٹی ہو، آفس میں بیٹھ کر ہلکی بھوک مٹانا ہو یا یا اسکول کالج میں لنچ ٹائم میں گپے مارنے ہوں، سب سے پہلے جو چیز ذہن میں آتی ہے وہ آلو کے چپس کا ایک پیکٹ خریدنا ہے تا کہ مزے سے کھاتے پیتے وقت گزارا جائے۔
لیکن کیا آپ جانتے ہیں کہ آپ مزے کیلیئے چپس نہیں کھا رہے بلکہ وہ زہر کھا رہے ہیں جو کہ آپ کی صحت کو تباہ کر سکتا ہے۔
چپس کو کبھی کبھی کھانے میں کوئی حرج نہیں ہے لیکن اسے ہر دوسرے دن یا روزانہ کھانا خطرناک ہوسکتا ہے۔ آئیے ایک نظر ڈالتے ہیں کہ یہ چپس ہماری صحت کو کیسے نقصان پہنچاتے ہیں۔
ضرورت سے زیادہ چپس کھانے کے نقصانات:
۔ مجموعی طور پر یہ چپس ہماری صحت کو نقصان پہنچاتی ہیں، کیونکہ ان میں غیر صحت بخش چکنائی، سوڈیم اور کیلوریز زیادہ ہوتی ہیں۔ اس کے چٹ پٹے اور نمکین ذائقے کی وجہ سے انسانوں میں ان کی مانگ مزید بڑھ گئی ہے جو بعد میں نقصان کا باعث بنتا ہے۔
۔ زیادہ چپس کھانے سے آپ کا وزن بھی غیر معمولی اور غیر صحت بخش طریقے سے بڑھ جاتا ہے۔
۔ آلو کے پیکٹ والے چپس کھانے سے فالج اور امراض قلب کا خطرہ بڑھ سکتا ہے۔
۔ کچھ چپس میں ایسی چکنائی ہوتی ہے جو دل کی صحت کے لیے اچھی نہیں ہوتی اور انہیں کھانے کے نتیجے میں آپ کا کولیسٹرول بڑھ سکتا ہے۔
۔ اس سے ہائی بلڈ پریشر کا خطرہ بڑھ سکتا ہے کیونکہ ان میں سوڈیم زیادہ ہوتا ہے۔
۔ چپس میں فائبر کی مقدار اکثر کم ہوتی ہے جو کہ نظام ہاضمہ کو متاثر کرتی ہے جس کے نتیجے میں قبض اور گیس کی شکایت ہوتی ہے۔
۔ امریکن کینسر ایسوسی ایشن کے مطابق پراسیسڈ فوڈ بشمول چپس میں ایسے کیمیکل ہوتے ہیں جو انسان میں مختلف قسم کے کینسر کا باعث بنتے ہیں۔