پاکستان میں مون سون بارشوں کا نیا سلسلہ، محکمہ موسمیات کی وارننگ

اردو نیوز  |  Jul 17, 2023

پاکستان کے محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ رواں ہفتے مون سون بارشوں کا نیا سلسلہ شروع ہونے والا ہے جس کے باعث اسلام آباد اور لاہور سمیت کئی شہروں میں نشیبی علاقے زِیرآب آ سکتے ہیں۔

پیر کو محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ بحیرہ عرب سے مون سون ہوائیں 18 جولائی کو ملک کے بالائی اور وسطی علاقوں میں داخل ہوں گی جس کے نتیجے میں پاکستان کے زِیرانتظام کشمیر، گلگت بلتستان، اسلام آباد، راولپنڈی، لاہور، سیالکوٹ، فیصل آباد، پشاور، مردان اور میانوالی سمیت متعدد علاقوں میں موسلا دھار بارشوں کا امکان ہے۔

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ 19 جولائی سے 21 جولائی کے دوران بلوچستان اور سندھ کے علاقوں میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارشیں متوقع ہیں۔

محکمہ موسمیات کا کہنا تھا کہ ان بارشوں کے نتیجے میں اسلام آباد، روالپنڈی، پشاور، گوجرانولہ اور لاہور میں نشیبی علاقے زِیرآب آنے کا خدشہ ہے جبکہ مری، گلیات، کشمیر، گلگت بلتستان اور خیبر پختونخوا کے بہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا بھی خطرہ ہے۔

بیان میں لوگوں کو ہدایت جاری کی گئی ہے کہ وہ محفوظ مقامات پر رہیں اور بجلی کے کھمبوں اور برقی آلات سے دور رہیں۔

واضح رہے جون کے آخر اور جولائی کے شروع میں ہونے والی بارشوں کے سبب پاکستان بھر میں متعدد حادثات میں 70 سے زائد افراد جان کی بازی ہار گئے تھے۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More