کینیڈا میں خاتون سے ’ناپسندیدہ حرکت‘ پر پی آئی اے کا فضائی میزبان معطل

اردو نیوز  |  Jul 17, 2023

کینیڈا کے ہوٹل میں روم سروس کی خاتون سے ‘ناپسندیدہ حرکت‘ کرنے کے الزام کے بعد پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز (پی آئی اے) فضائی میزبان کو ملازمت سے معطل کر دیا گیا ہے۔

پی آئی آے کی جانب سے اہلکار کی معطلی کے حکم نامے میں لکھا گیا ہے کہ یہ اقدام سات جولائی کو پیش آنے والے واقعے کی شکایت پر مبنی ای میل موصول پونے کے بعد اٹھایا جا رہا ہے۔

پی آئی اے کے مطابق یہ شکایت کمپنی کو 10 جولائی کو موصول ہوئی تھی۔

اس واقعے کے بعد کینیڈین پولیس نے پی آئی اے کے سینیئر فلائیٹ سٹیورڈ کو مبینہ طور پر کچھ دیر حراست میں لینے کے بعد فوری ہوٹل چھوڑنے کو کہا تھا۔ 

چیلسی ہوٹل کی انتظامیہ کی جانب سے  مذکورہ اہلکار کو مبینہ طور پر آئندہ کے لیے بلیک لسٹ بھی کر دیا گیا ہے۔

 کینیڈا میں ایئر لائن کنٹری مینیجر کی واقعے سے متعلق ای میل کے بعد سٹیورڈ کو فوری معطل کیے جانے کا آرڈر جاری کیا گیا۔

پی آئی اے کے فضائی میزبان کی معطلی کے ساتھ مبینہ طور پر کینیڈا کے لیے پروازوں پر ان کی تعیناتی پر پابندی بھی عائد کر دی گئی ہے۔

فلائیٹ سٹیورڈ سات جولائی کو پی آئی اے کی پرواز پی کے 781 کے ذریعے اسلام آباد سے ٹورنٹو پہنچے تھے۔

پی آئی اے کے ترجمان نے کہا ہے کہ ’ایئر لائن کے سٹیورڈ کی گرفتاری اور انہیں پولیس اسٹیشن لے جانے کی خبروں میں کوئی صداقت نہیں ہے۔‘

ترجمان نے کہا کہ ’متاثرہ خاتون کی پی آئی اے کو شکایت پر اہلکار کو معطل کر دیا گیا ہے اور اس معاملے پر مزید کارروائی جاری ہے۔‘

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More