راولپنڈی، ڈینگی نے خطرے کی گھنٹی بجادی، کئی عمارتیں اور دکانیں سیل

ہم نیوز  |  Jul 16, 2023

راولپنڈی میں مون سون بارشوں کے ساتھ ہی ڈینگی نے بھی خطرے کی گھنٹی بجادی، انتظامیہ نے کئی عمارتیں اور دکانیں سیل کردیں۔

اسسٹنٹ کمشنر قندیل فاطمہ کے مطابق راولپنڈی کے علاقے چکلالہ اسکیم تھری میں ڈینگی پھیلنے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔ راولپنڈی کے علاقے چکلالہ اسکیم تھری میں بڑی مقدار میں ڈینگی لاروا برآمد ہونے پر انتظامیہ حرکت میں آگئی۔

اسسٹنٹ کمشنر کا کہنا ہے کہ چکلالہ اسکیم تھری کے علاقے سے متصل نالہ، ڈینگی لاروا سے بھرا پایا گیا ہے۔ نالے میں بڑی تعداد میں ڈینگی مچھر  پائے گئے ہیں۔ اس صورتحال کے پیشِ نظر ضلعی انتظامیہ اور محکمہ صحت کی ٹیم نے علاقے کو سیل کردیا ہے۔

اس حوالے سے ڈپٹی کمشنر وقار حسن نے بتایا کہ شہری احتیاطی تدابیر اختیار کریں، یہ ڈینگی مچھر کی افزائش کا موسم ہے۔ اب تک ڈینگی ایس او پیز کی خلاف ورزی پر 200  سے زائد مقدمات درج کیے گئے ہیں۔

خیال رہے کہ اس سے پہلے آزاد جموں و کشمیر میں بھی ڈینگی کے پھیلاؤ کا خطرہ ظاہر کیا گیا تھا۔ طبی ماہرین نے اس حوالے سے خبردار کیا ہے کہ احتیاط نہ برتی گئی تو پچھلے سال کی بہ نسبت رواں سال ڈینگی کیسز میں غیر معمولی اضافہ ہوگا۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More