عارف کی اپنے پیارے سارس سے ایک مرتبہ پھر چڑیا گھر میں ملاقات

اردو نیوز  |  Jul 15, 2023

انڈیا کی ریاست اترپردیش کے ضلع امیٹھی کے علاقے مندھکا کے 35 برس کے رہائشی عارف خان نے ایک مرتبہ پھر اپنے پیارے دوست پرندے سارس سے چڑیا گھر میں ملاقات کی۔

ہندوستان ٹائمز کے مطابق عارف جمعے کو امیٹھی سے کانپور کے چڑیا گھرگئے جہاں انہوں نے ٹکٹ لیا اور اپنے دوست سارس سے 15 منٹ تک ملاقات کی۔

انٹرنیٹ پر اپلوڈ ہونے والی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ عارف ماسک پہنے سارس کے پنجرے کے باہر کھڑے ہیں اور پھر جب وہ ماسک اتارتے ہیں تو سارس انہیں دیکھ کر اُچھلنے کودنے لگ جاتا ہے۔

اس موقع پر عارف خان نے بات کرتے ہوئے کہا کہ ’اسے کھلا چھوڑ دیں۔ بے شک اسے مجھے نہ دیں لیکن اسے چھوڑ دیں۔ یہ پریشان لگ رہا ہے اور میں تکلیف میں ہوں۔ میں صرف اپنے دوست پرندے سے ملنا چاہتا تھا۔ اگر میرے بس میں ہوتا تو میں اس سے ہر روز ملتا۔‘

عارف اپنے دوست پرندے سے 95 دنوں بعد ملے ہیں۔ وہ آخری مرتبہ سارس سے ملنے 12 اپریل کو آئے تھے۔

انٹرنیٹ پر وائرل ہونے والی ویڈیو کے بعد عارف اور ان کے دوست سارس کی دوستی کے خوب چرچے رہے۔

خیال رہے کہ عارف خان گذشتہ برس فروری میں ایک زخمی سارس اپنے ساتھ گھر لائے تھے جو انہیں کھیت میں زخمی حالت میں پڑا ملا تھا۔

وہ تقریباً 13 ماہ تک سارس کی دیکھ بھال کرتے رہے لیکن اس کے بعد وائلڈ لائف پروٹیکشن ایکٹ کے تحت مقدمہ درج ہونے کے بعد سارس کو پہلے رائے بریلی میں پرندوں کی پناہ گاہ منتقل کیا گیا اور بعد میں اسے کانپور کے چڑیا گھر بھیج دیا گیا تھا۔

اپنے مالک سے علیحدگی کے بعد 40 گھنٹوں تک سارس کچھ بھی کھانے پینے کو تیار نہیں تھا جس سے اس کی اداسی واضح تھی۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More