نسان نے جاپان میں اپنی 7 لاکھ گاڑیاں واپس کیوں منگوا لیں؟

اردو نیوز  |  Jul 14, 2023

گاڑیاں بنانے والے جاپان کی مشہور کمپنی نسان نے مختلف خرابیاں سامنے آنے کے بعد جاپان میں چھ لاکھ 99 ہزار گاڑیوں کو واپس منگوانے کا اعلان کیا ہے۔

فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق جمعے کو نسان نے بتایا کہ گاڑیوں کے پانچ ماڈلز میں خرابیاں سامنے آئی ہیں تاہم ان کی وجہ سے جاپان میں کوئی حادثہ نہیں ہوا۔

خیال رہے کہ بیروں ملک بھی نسان کی سات لاکھ سے زائد گاڑیوں میں خرابیاں سامنے آئی ہیں۔

نسان کی جاپان میں ترجمان نے اے ایف پی کو بتایا کہ ملک میں مجموعی طور پر چھ لاکھ 99 ہزار گاڑیاں متاثر ہوئی ہیں جبکہ کئی میں ایک سے زیادہ خرابیاں پائی گئی ہیں۔

کمپنی نے ایک بیان میں کہا ہے کہ جاپان میں واپس منگوائی جانے والی گاڑیوں میں چار لاکھ 84 ہزار 25 یونٹ ’نوٹ‘، ’سیرنا‘ اور ’ککس‘ ماڈلز کے ہیں۔ ان کے انجن کے پائپ میں خرابی سامنے آئی تھی جس کی وجہ سے گاڑی سٹارٹ کرنے میں مسائل سامنے آئے تھے۔

بیان کے مطابق چار لاکھ 78 ہزار 199 گاڑیاں، جن میں ’نوٹ‘، ’نوٹ اورا‘، ’سیرنا‘، ’لیف‘ اور ’ککس‘ ماڈلز شامل ہیں، فالٹی وہیکل کنٹرول پروگرام کے تحت واپس منگوائی گئی ہیں۔

’سیرنا‘ کے ایک لاکھ 26 ہزار یونٹس وائرنگ کے مسئلے کی وجہ سے واپس منگوائے گئے ہیں جبکہ اسی ماڈل کے چھ ہزار 434 یونٹس کو دائیں والی ہیڈلائٹ میں مسئلے کی وجہ سے واپس منگوایا گیا۔

نسان کی ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ بیرون ملک کم سے کم سات لاکھ 49 ہزار گاڑیاں بھی ان خرابیوں کی وجہ سے متاثر ہوئی ہیں، تاہم انہیں واپس منگوانے کا معاملہ مقامی ریگولیشنز کے حساب سے علیحدہ سے دیکھا جائے گا۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More