آج کل ٹوئٹر کی طرز پر میٹا یعنی فیس بک کی جانب سے بنائی گئی ایپلی کیشن تھریڈز جس کو انسٹاگرام سے منسلک کیا گیا ہے اس کے خوب چرچے ہو رہے ہیں اور اس ایپ نے 5 ہی دن میں کئی ملین اکاؤنٹ بھی بنوا ڈالے۔ لیکن کیا یہ ایپ واقعی ٹوئٹر جیسی با اثر ایپ کا مقابلہ کرسکتی ہے؟ کیا اس سے کوئی فائدہ ہو رہا ہے یا پھر نقصان؟
تھریڈز نامی ایپلی کیشن کو استعمال کرنے والے صارفین کہتے ہیں کہ یہ ویسے تو کسی خاص کام کی ایپ نہیں ہے لیکن اس سے صرف اور صرف موبائل فون کی بیٹری جلدی ختم ہو رہی ہے۔ کسی نے سوال پوچھا کیا صرف میرے ہی موبائل کی بیٹری گر رہی ہے یا پھر کسی اور کی بھی جس میں ایک صارف نے سکرین شاٹ شیئر کیا اور بتایا کہ تھریڈز ہی سب سے زیادہ بیٹری کھا رہی ہے۔
برطانوی جریدے کے مطابق موبائل کی بیٹری جلد ختم ہونے کی وجہ ابھی تک پتہ نہیں چل سکی، لیکن یہ بھی خیال کیا جا رہا ہے کہ شاید یہ 'منفی ٹیسٹنگ' کے باعث ہوسکتا ہے۔
میٹا حکام اپنی ایپ کے بارے میں مزید سمجھنے کی کوشش کر رہے ہیں کہ صارفین ان کی ایپس کو کیسے استعمال کرتے ہیں، یہ ہی منفی ٹیسٹنگ کہلاتا ہے۔اگر آپ نے تھریڈز ڈاؤن لوڈ کرنے کے بعد دیکھا ہے کہ آپ کی بیٹری بھی جلد ختم ہو رہی ہے، تو اپنے فون کی بیک گراؤنڈ ایپ ریفریش سیٹنگ کو بند کر دیں۔
اسے آئی فون پر آف کرنے کے لیے سیٹنگ ایپ کھولیں اور جنرل پر جائیں، بیک گراؤنڈ ایپ ریفریش پر ٹیپ کریں، پھر آف کریں۔ اینڈرائیڈ والے صارفین سیٹنگز کھولیں پھر Connections اور پھر Data usage پر ٹیپ کریں۔
موبائل Data usage پر کلک کریں اور تھریڈز کو منتخب کریں اور Allow background data usage کے آپشن کو ڈس ایبل کریں۔