روسی صدر پوتن کے ویگنر لیڈر پریگوزین کے ساتھ مذاکرات، ’تین گھنٹے کی نشست‘

اردو نیوز  |  Jul 11, 2023

روسی صدر کے ترجمان نے کہا ہے کہ صدر ولادیمیر پوتن نے ویگنر گروپ کے بانی یوگینی پریگوزین اور ان کے کمانڈروں کے ساتھ کریملن میں بات چیت کی ہے تاکہ ویگنر کی جانب سے فوج کے اعلیٰ افسروں کے خلاف مسلح بغاوت پر تبادلہ خیال کیا جا سکے۔

خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق اس ملاقات کی اطلاع سب سے پہلے فرانسیسی اخبار ’لبریشن‘ نے دی تھی، جس میں کہا گیا تھا کہ پریگوزین نے پوتن اور نیشنل گارڈ کے سربراہ وکٹر زولوتوف اور ایس وی آر کے غیرملکی انٹیلی جنس کے سربراہ سرگئی ناریشکن سے ملاقات کی تھی۔

روسی حکومت کے ترجمان دمتری پیسکوف کے مطابق یہ ملاقات ویگنر کی جانب سے بغاوت کے پانچ روز بعد 29 جون کو ہوئی ہے۔

ویگنر کی جانب سے سامنے آنے والی بغاوت کو پوتن کی 1999 سے قائم حکومت کے لیے ایک بڑا دھچکا شمار کیا جا رہا ہے۔

روسی حکومت کے ترجمان کے مطابق ’صدر پوتن نے اس ملاقات میں پریگوزین اور ویگنر کے یونٹ کمانڈرز سمیت 35 افراد کو دعوت دی تھی اور یہ ملاقات تین گھنٹے جاری رہی۔‘

پیسکوف نے صحافیوں کو بتایا کہ ’ہم صرف اتنا کہہ سکتے ہیں کہ صدر نے یوکرین میں سپیشل ملٹری آپریشن کے دوران فرنٹ پر کمپنی (ویگنر) کے اقدامات کے بارے میں اپنی رائے دی اور 24 جون (بغاوت کے دن) کے واقعات کے بارے میں بھی اپنا موقف پیش کیا۔‘

انہوں نے کہا کہ پوتن نے کمانڈروں کی اپنی وضاحتیں سنیں کہ ہوا کیا تھا اور انہیں ملازمت اور لڑائی کے لیے مزید اختیارات کی پیشکش بھی کی۔

’کمانڈروں نے 24 جون کے واقعات کے حوالے سے اپنا نقطہ نظر بیان کیا اور انہوں نے زور دیتے ہوئے کہا کہ وہ ریاست کے سربراہ کے حامی اور سپاہی ہیں۔ انہوں نے یہ کہ وہ کہ وہ وطن کے لیے لڑنے کے لیے تیار ہیں۔‘

قبل ازیں ویگنر گروپ کے بانی پریگوزین نے کہا تھا کہ یہ بغاوت حکومت گرانے کے لیے نہیں تھی بلکہ یہ ان فوجی و دفاعی سربراہوں کو ’انصاف کے کٹہرے میں لانے کے لیے‘ تھی جنہوں نے یوکرین کے ساتھ جنگ کے دوران غلطیاں اور غیرپیشہ ورانہ اقدامات کیے۔‘

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More