جہلم میں گیس سلنڈر دھماکے سے ہوٹل کی عمارت گر گئی، 6 ہلاک

اردو نیوز  |  Jul 09, 2023

صوبہ پنجاب کے ضلع جہلم میں جی ٹی روڈ پر واقع ایک تین منزلہ ہوٹل کی عمارت گیس سلنڈر دھماکے سے زمین بوس ہونے کے ریسکیو آپریشن جاری ہے۔ 

حکام نےعمارت گرنے سے اب تک چھ افراد کے ہلاک جبکہ 10 کے زخمی ہونے کی تصدیق کی ہے۔

اتوار کی دوپہر ہونے والے دھماکے کے بعد ریسکیو کی کارروائیاں شروع کی گئیں اور امدادی کارروائی کی نگرانی کرنے والے جہلم کے ڈسٹرکٹ پولیس افسر (ڈی پی او) ناصر باجوہ نے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں کو بتایا کہ ملبے سے پانچ لاشیں جبکہ 10 زخمیوں کو نکالا گیا ہے۔

اس موقع پر ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر سعید احمد نے میڈیا سے گفتگو میں بتایا کہ ہوٹل کے بیسمنٹ میں کچھ لوگ موجود ہو سکتے ہیں جن کو نکالنے کے لیے کوشش جاری ہے۔

اُن کا کہنا تھا کہ ریسکیو آپریشن کے دوران ہوٹل کے ملبے کی پہلی اور دوسری منزل کو کلیئر کر دیا گیا ہے۔

ریسکیو حکام نے حادثے کی اطلاع ملتے ہی ملبے کو ہٹانے کا کام شروع کیا اور راولپنڈی کی ضلعی انتظامیہ سے بھی مشینری اور امداد طلب کی۔

نجی ٹی وی چینل سے گفتگو میں ملبے سے زخمی حالت میں نکالے گئے ہوٹل کے باورچی نے بتایا کہ جس وقت دھماکہ ہوا وہ پراٹھے بنا رہے تھے۔

حکام کے مطابق دھماکہ بیسمنٹ میں گیس سلنڈر کی دکان میں ہوا۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More