انڈیا میں دنیا کا سب سے ’امیر بھکاری‘ جو کروڑ پتی ہے

اردو نیوز  |  Jul 08, 2023

جس طرح ترقی پذیر ممالک میں بھکاریوں کا نظر آنا نئی بات نہیں اسی طرح انہیں کچھ دے دلا دینا بھی معمول کا حصہ ہے۔

اس مدد کا محرک اس کی ظاہری حالت پر ترس کے ساتھ یہ خیال بھی ہوتا ہے کہ وہ بھوکا ہو گا یا ہو گی اور اس کے پاس پیسے نہیں ہوں گے۔

اگر آپ بھی یہی سوچتے ہیں تو اپنا خیال بدل دیجیے کیونکہ وہ آپ سے زیادہ دولت کا مالک ہو سکتا ہے۔

 انڈیا میں ایک ایسے بھکاری کا انکشاف ہوا ہے جو کروڑ پتی ہے۔

انڈیا ڈاٹ کام نے زی نیوز کی رپورٹ کا حوالہ دیتے ہوئے ’بھارت جین‘ نامی شخص کو دنیا کا سب سے ’امیر بھکاری‘ قرار دیا ہے۔

ان کا تعلق ممبئی شہر سے ہے اور اکثر ان کو مختلف گلیوں میں بھیک مانگتے ہوئے دیکھا جاتا ہے۔

ان کے خاندان میں والد، بیوی، دو بیٹے، ایک بھائی شامل ہیں۔

ان کے دونوں بچے سکول کی تعلیم مکمل کر چکے ہیں جبکہ بھارت جین کے پاس ساڑھے سات کروڑ انڈین روپے کے علاوہ کچھ جائیداد بھی ہے۔

رپورٹ کے مطابق وہ ہر ماہ بھیک مانگ کر 60 سے 75 ہزار انڈین روپے کماتے ہیں۔

وہ ممبئی میں دو بیڈ رومز پر مشتمل اپارٹمنٹ کے بھی مالک ہیں جس کی مالیت ایک کروڑ 20 لاکھ روپے ہے۔

اسی طرح انڈیا ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق وہ دو مزید اپارٹمنٹس کے بھی مالک ہیں جن کی مالیت 70 لاکھ روپے ہے۔

بھارت جین دو دکانوں کے بھی مالک ہیں جن کو ماہانہ 30 ہزار روپے ماہانہ کرائے پر دے رکھا ہے۔

انڈیا کے درمیانی طبقے کے عام فرد سے زیادہ دولت رکھنے کے باوجود بھی وہ بھیک مانگنے کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہیں اور ہر روز 10 سے 12 گھنٹے مختلف گلیوں اور بازاروں میں گزارتے ہیں۔

رپوٹ کے مطابق وہ روزانہ دو سے ڈھائی ہزار روپے کماتے ہیں جبکہ انڈیا میں کمپیوٹر کے سامنے بیٹھ کر 10 سے 12 گھنٹے کام کرنے والے بمشکل ہی روزانہ ہزار روپے سے زیادہ کما پاتے ہیں۔

بھارت جین اپنے خاندان کے ساتھ پیرل میں رہائش پذیر ہیں، ان کے گھر والے ایک سٹیشنری سٹور بھی چلا رہے ہیں۔

رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ خاندان والے مسلسل بھارت جین کو بھیک مانگنے سے منع کرتے ہیں مگر انہوں نے کبھی کان نہیں دھرا اور وہی کام کیے جا رہے ہیں جس کی بدولت وہ کروڑ پتی بنے ہیں۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More