قرآن کی بے حرمتی پر اقوام متحدہ ہنگامی اجلاس بلائے: شہباز شریف

اردو نیوز  |  Jul 06, 2023

پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف نے مطالبہ کیا ہے کہ سویڈن میں قرآن کی بے حرمتی پر اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل فوری ہنگامی اجلاس بلائیں۔

وزیراعظم شہباز شریف نے جمعرات کو سویڈن میں قرآن کی بے حرمتی کے معاملے پر بحث کے لیے بلائے گئے پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ’سویڈن کی حکومت کو اپنی پوزیشن واضح کرنا ہو گی اور جواب دینا ہو گا۔‘

انہوں نے کہا کہ ’جان بوجھ کر مسلمانوں کے خلاف آگ بھڑکانے کی کوشش کی گئی۔ سویڈن میں قرآن کی توہین پر دنیا بھر میں اربوں مسلمانوں کے دل دُکھی ہیں۔‘

شہباز شریف نے مزید کہا کہ ’سویڈن واقعہ مسلمانوں اور مسیحیوں کو لڑانے کی سازش ہے۔ تمام سیاسی جماعتیں اس واقعے کے خلاف بھرپور احتجاج کریں۔‘

’میں اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل سے توہین آمیز واقعے کے خلاف اجلاس بلانے کے لیے رابطہ کررہا ہوں۔ اقوام متحدہ سے اپیل کروں گا کہ وہ اسلاموفوبیا کے خلاف عالمی قانون منظور کرے۔‘

ان کا کہنا تھا کہ ’یہ ایوان جو قرارداد منظور کرے گا، ہم وزارت خارجہ کے ذریعے اسے دنیا میں لے کر جائیں گے۔ امید ہے آج کی قرارداد کے بعد ایسی مذموم حرکتیں ہونا بند ہوں گی۔‘

 

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More