طبی ماہرین نے آپریشن سے قبل وزن کم کرنے والی ادویات استعمال کرنے والوں کیلئے خطرے کی گھنٹی بجادی ہے۔
امریکن سوسائٹی آف اینستھیزیولوجسٹ کا کہنا ہے کہ وزن میں کمی کیلئے استعمال کی جانے والی دوا اوزمپیک آپریشن کر وانے والے مریضوں کے لیے خطرناک ہو سکتی ہے۔
سوسائٹی کے صدر ڈاکٹر مائیکل چیمپیو کا کہنا ہے کہ آپریشن میں بیہوشی کے دوران پیٹ میں رہ جانے والا کھانا الٹی کا خطرہ بڑھاتا ہے۔ ہمارے پاس ایسے کیسز کی اطلاع ہے کہ جب آپریشن سے پہلے مریض نے ایسی دوا کھائی تو اسے اُلٹی ہوئی حالانکہ اس وقت انکے پیٹ میں کھانا موجود نہیں ہونا چاہیے تھا۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ اوزمپیک اور ایسی دوسری دوائیں جنہیں جی ایل پی ون رسیپٹر ایگونسٹ کہا جاتا ہے، انسان کے ہاضمے کو سست کرتی ہیں جس سے بھوک کم لگتی ہے اور وزن کم ہوتا ہے۔
ڈاکٹر مائیکل نے بتایا کہ جیسے ہی ہمارے پاس ایسی رپورٹس آئیں، ہم نے فوراً اس پر کام شروع کردیا ،اگر آپ دن میں ایک بار ایسی دوا لیتے ہیں تو سرجری کی صبح اپنی روزانہ کی خوراک کو آپریشن سے پہلے ترک کردیں۔