’آپ سے مجھے انصاف کی توقع نہیں‘، عمران خان کا چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ پر عدم اعتماد

اردو نیوز  |  Jul 03, 2023

چیئرمین پی ٹی آئی اور سابق وزیراعظم عمران خان نے توشہ خانہ ٹرائل کے خلاف سماعت کرنے والے چیف جسٹس عامر فاروق پر مشتمل بینچ پر عدم اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کیس دوسری عدالت کو منتقل کرنے کی استدعا کردی ہے۔

پیر کو پی ٹی آئی کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا کہ عمران خان کی طرف سے چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ عامر فاروق کے خلاف عدم انصاف اور عدم اعتماد کی درخواست دائر کر دی گئی۔  

درخواست میں کہا گیا ہے کہ ’آپ سے مجھے انصاف کی توقع نہیں آپ نے متعدد مواقعوں پر میرے خلاف کسی ذاتی و دیگر وجوہات کی وجہ سے خلاف قانون فیصلے دیے۔ آئندہ آپ سے گزارش ہے کہ میرا کوئی کیس آپ نہ سنیں۔‘

 چیئرمین پی ٹی آئی نے اپنے وکیل کے ذریعے اس حوالے سے اسلام آباد ہائی کورٹ میں درخواست دائر کر دی۔

عمران خان نے توشہ خانہ کیس کے ٹرائل کے خلاف درخواستیں دوسرے بینچ کو منتقل کرنے کی استدعا کرتے ہوئے موقف اپنایا ہے کہ ’یقین ہے کہ اِس بنچ سے شفاف اور غیر جانب دارانہ انصاف نہیں ملے گا۔ استدعا ہے کہ چیف جسٹس چیئرمین تحریک انصاف کی درخواستیں سننے سے معذرت کرلیں اور کیس دوسری عدالت کو منتقل کر دیں۔‘

 سیشن کورٹ کے فیصلے کے خلاف چیئرمین پی ٹی آئی کی اپیلیں چیف جسٹس کی عدالت میں زیر سماعت ہیں۔ درخواست میں ڈسٹرکٹ الیکشن کمیشن کو فریق بنایا گیا ہے۔

دوسری جانب ‏عمران خان کے خلاف اسلام آباد میں درج 10 مقدمات کے معاملے میں چیف کمشنر نے ضلعی کچہری میں مقرر سماعتوں کو جوڈیشل کمپلیکس منتقل کردیا اور اس کا نوٹی فکیشن جاری کردیا۔

عمران خان سیکیورٹی خدشات کے ایک روز کے لیے عدالت جوڈیشل کمپلیکس منتقل کرنے کی درخواست کی تھی۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More