یورپ کے شہر میں ٹرالی بیگ پر پابندی سے سیاح حیران

اردو نیوز  |  Jul 02, 2023

یورپ کے ملک کروشیا کا شہر ڈوبروینک اپنے قدرتی حسن اور قدیم فن تعمیر کی وجہ سے دنیا بھر کے سیاحوں کا پسندیدہ مقام ہے۔

اس شہر میں ہر سال ہزاروں سیاح آتے ہیں، لیکن اس خوبصورت شہر میں متعارف کروائی گئی ایک نئی پالیسی نے سیاحوں کو حیران کر دیا ہے۔

 امریکی اخبار نیویارک پوسٹ کے مطابق ڈوبروینک کے شہریوں نے حکام سے شکایت کی تھی شہر کی قدیم پتھریلی سڑکوں پر سیاحوں کے ٹرالی بیگز کی وجہ سے شور پیدا ہوتا ہے جس کے باعث وہ رات کو نیند پوری نہیں کر سکتے۔

شہریوں کی اس شکایت پر میئر ماٹو فرینکووک نے سیاحوں کو ڈوبروینک کے پرانے علاقے میں ٹرالی بیگ لے کر چلنے سے منع کر دیا ہے اور کہا ہے کہ خلاف ورزی کرنے والوں کو 288 ڈالر جرمانہ کیا جائے گا۔

یہ پالیسی ڈوبروینک ٹورسٹ آفس کے ’شہر کو عزت دو‘ پروگرام کا حصہ ہے۔

مزید کہا گیا ہے کہ نومبر میں مقامی حکومت ایک اور پالیسی متعارف کروائے گی جس کے تحت سیاحوں کو اپنے ٹرالی بیگز شہر میں داخل ہونے سے پہلے جمع کروانے ہوں گے۔

ڈوبروینک میں رواں برس جون تک دو لاکھ 89 ہزار سیاح آئے اور ساڑھے سات لاکھ سے زائد سیاحوں نے اس شہر میں رات کو قیام کیا۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More