انڈین ریاست مہاراشٹر میں بس حادثہ، 25 مسافر جل کر راکھ ہو گئے

اردو نیوز  |  Jul 01, 2023

انڈیا کی ریاست مہاراشٹر میں ایک بس کو حادثہ پیش آیا جس کے بعد اس میں لگنے والی آگ سے 25 مسافر ’زندہ‘ جل گئے، جبکہ آٹھ زخمی ہو گئے۔

فرانسیسی نیوز ایجنسی اے ایف پی کے مطابق پولیس کا کہنا ہے کہ بس پونے کی طرف جا رہی تھی جب وہ سڑک کنارے لگے ایک پول سے ٹکرائی اور اس کے بعد ڈیزل ٹینک میں آگ بھڑک اٹھی۔

سینیئر پولیس افسر بابو راؤ نے کہا کہ ’بس میں 30 سے 35 افراد سوار تھے جن میں سے 25 ہلاک اور آٹھ زخمی ہوئے۔‘

انہوں نے کہا کہ یہ حادثہ ممبئی سے چار سو کلومیٹر دور پیش آیا جس کے بعد زخمیوں کو قریبی ہسپتال پہنچایا گیا۔

دیہی ترقی کے وزیر گیرش مہاجن نے میڈیا کو بتایا کہ بس کے ڈرائیور اور کنڈکٹر کو تفتیش کے لیے حراست میں لیا گیا ہے۔

ان کے مطابق ’ڈرائیور نے کہا ہے کہ بس کا ٹائر پھٹ گیا تھا جس کے بعد وہ پول سے ٹکرا کر الٹ گئی، لیکن لگتا ہے کہ وہ حادثے کے وقت نیند میں تھا۔ ہمیں دیکھنا ہے کہ حقیقت میں کیا ہوا۔‘

وزیر کا کہنا تھا کہ لاشیں مکمل طور پر جل چکی ہیں اور ان کی شناخت کے لیے فارنزک کروایا جائے گا۔

حادثے میں بچ جانے والے ایک شخص نے بتایا کہ وہ جلتی بس کی کھڑکی سے باہر نکلا۔

’میں اور میری اگلی نشت پر بیٹھا ایک اور شخص کھڑکی کو توڑ کر باہر نکلے، لیکن ہر کوئی ایسا نہ کر سکا۔‘

ایک عینی شاہد نے سرکاری نیوز ایجنسی پریس ٹرسٹ آف انڈیا کو بتایا کہ ’ہم نے لوگوں کو زندہ جلتے دیکھا مگر آگ اتنی شدید تھی کہ ہم کچھ نہ کر سکے۔‘

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More