رواں سال فریضہ حج ادا کرنے والے پاکستانی سیاستدانوں کے نام سامنے آگئے

ہم نیوز  |  Jun 25, 2023

رواں سال فریضہ حج کی ادائیگی کیلئے ملک بھر سے عازمین حج کے مکہ مکرمہ پہنچنے کا سلسلہ جاری ہے، منیٰ میں خیموں کا شہر آباد ہوگیا، کل سے مناسکِ حج کا آغاز ہوگا، عازمین 9 ذی الحج کو وقوفِ عرفہ کیلئے عرفات روانہ ہوں گے۔ 

فریضہ حج کی ادائیگی کیلئے پاکستان سے بھی عازمینِ حج کی بڑی تعداد موجود ہوگی جن میں پاکستانی سیاستدان بھی شامل ہوں گے۔ وزیرداخلہ رانا ثناء اللہ فریضہ حج کی ادائیگی کیلئے اپنے اہلخانہ کے ساتھ سعودی عرب روانہ ہوگئے۔

سابق وزیراعظم اور قائد مسلم لیگ ن نواز شریف کا بھی آج  لندن سے دبئی پہنچنے کا امکان ہے جہاں سے وہ حج کی ادائیگی کیلئے دبئی سے سعودی عرب روانہ ہوں گے۔ ذرائع کے مطابق مریم نواز بھی والد کے ساتھ حج ادا کریں گی۔

دوسری طرف صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی بھی حج کی سعادت حاصل کرنے کیلئے سعودی عرب روانہ ہوگئے۔ صدر مملکت کی غیر موجودگی میں چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی قائم مقام صدر کی ذمہ داریاں سنبھالیں گے۔

وفاقی وزیر برائے مذہبی امور سینیٹر طلحہ محمود بھی اس وقت مدینہ منورہ میں موجود ہیں۔ سینیٹر طلحہ محمود بھی ایک عام حاجی کی طرح حج ادا کریں گے۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے وزیر خزانہ اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ خصوصی حج فلائٹ کا انتظام کیا گیا ہے۔ ارکانِ اسمبلی حج پہ جائیں اور ملک کے لیے دعا کریں۔

مزید خبریں

تازہ ترین خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More