’کیک میں چھپکلی‘: وائرل ویڈیو کے بعد فوڈ اتھارٹی نے اسلام آباد میں بیکری سیل کر دی

بی بی سی اردو  |  Jun 18, 2023

ابھی سوشل میڈیا پر کیک میں سے چھپکلی نکلنے کی مبینہ ویڈیو پر بحث جاری تھی کہ اسلام آباد فوڈ اتھارٹی نے ’لیئرز بیکری‘ کی ایک برانچ پر چھاپہ مار کر اسے سیل کر دیا۔

فوڈ اتھارٹی کے حکام نے بی بی سی کو بتایا کہ اتوار کو چھاپے کے دوران معلوم ہوا کہ بلیو ایریا میں واقع اس بیکری پر زائد المعیاد اشیا خورد و نوش اور صفائی کے ناقص انتظامات پائے گئے، جس وجہ سے اسے عارضی طور پر سیل کیا گیا ہے۔

اسلام آباد میں فوڈ اتھارٹی کی ڈپٹی ڈائریکٹر آپریشنز ڈاکٹر طاہرہ صدیق نے واضح کیا ہے کہ وفاقی دارالحکومت کے شہریوں کی صحت اور فوڈ سیفٹی پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔

بی بی سی نے لیئرز انتظامیہ سے ان کا مؤقف جاننے کے لیے رابطہ کیا مگر ان کی طرف سے ابھی تک کوئی جواب موصول نہیں ہوا ہے۔ اس سے قبل لیئرز بیکری نے ایک پیغام میں سوشل میڈیا پر ان تصاویر اور ویڈیوز کی سختی سے تردید کی ہے جن میں ان کے کیک سے چھپکلی نکلنے کا دعویٰ کیا جا رہا ہے۔

پاکستانی سوشل میڈیا پر گذشتہ کئی دنوں سے کیک سے چھپکلی نکلنے کی تصاویر اور ویڈیوز گردش کر رہی ہیں جن کی آزادانہ تصدیق نہیں ہوسکی ہے۔ اگرچہ سوشل میڈیا پر دعویٰ کیا گیا ہے کہ یہ ویڈیو فیصل آباد کی ہے تاہم اس کی تصدیق نہیں ہوسکی ہے۔

تو کیا انھیں مناظر کو دیکھ کر اسلام آباد فوڈ اتھارٹی نے لیئرز بیکری پر چھاپہ مارا؟ اس کے جواب میں ڈاکٹر طاہرہ صدیق کا کہنا ہے کہ وہ اس طرح کی کارروائی معمول میں عمل میں لاتے ہیں جبکہ عوامی شکایات پر بھی ایسی کارروائی عمل میں لائی جاتی ہے۔

فوڈ اتھارٹی کے حکام کے مطابق بیکری کی انتظامیہ کو یہ بتایا گیا ہے کہ ان کی تیار کردہ اشیا پر پروڈکشن یونٹ کا ریکارڈ دستیاب نہیں ہے۔ یعنی یہ نہیں معلوم کہ وہ پروڈکشن یونٹ یا فیکٹری کہاں پر واقع ہے جہاں سے یہ اشیا تیار ہو کر آتی ہیں۔

حکام کے مطابق ان اشیا پر مینوفیکچرنگ کی تاریخ اور ایکسپائری کی مدت درج نہیں۔

ادھر لیئرز بیکری کی انتظامیہ نے گذشتہ دنوں سے سوشل میڈیا پر وائرل ایک ویڈیو پر وضاحت جاری کی ہے۔ اس ویڈیو میں ان کے ایک کیک کے اندر سے ایک چھپکلی نکلتے دیکھی جاسکتی ہے۔

اپنے ایک وضاحتی بیان میں لیئرز انتظامیہ نے کہا ہے کہ سوشل میڈیا پر ان کے خلاف ایک بے بنیاد مہم چلائی گئی ہے جس میں کوئی حقیقت نہیں ہے۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ ’ہم ذمہ داروں کے خلاف سائبر کرائم کے تحت قانونی کارروائی کا حق محفوظ رکھتے ہیں۔‘

لیئرز انتظامیہ نے وضاحت کی کہ ’ہماری فیکٹری صفائی کے اعلیٰ معیار کو اختیار کیے ہوئے ہے اور ایسے میں باہر سے کسی شے یا مبینہ چھپکلی کا کیک سے نکلنا ناممکن ہے۔‘

یہبھی پڑھیے

کراچی: ’صاف پانی آتا تو بچوں کو سکول بھیجتی‘

مرغن کھانوں کے شوقین پاکستانی اپنی زندگی سے تیل کو کیسے کم کر سکتے ہیں؟

فوڈ پوائزننگ: ایسی روز مرّہ خوراک جو بیماری سے لے کر موت تک کی وجہ بن سکتی ہے

بی بی سی کی طرف سے کیے گئے ایک سوال کے جواب میں ڈاکٹر طاہرہ نے کہا کہ اسلام آباد میں بیکری پر چھاپے کا تعلق سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو سے نہیں ہے۔

ڈاکٹر طاہرہ کے مطابق ان کی سربراہی میں فوڈ اتھارٹی کی ٹیم نے اتوار کو جس بیکری پر چھاپہ مارا وہ ایک خاص برانڈ کی آؤٹ لٹ ہے، جس کے ساتھ ایک چھوٹا سا سٹوریج روم بھی ہے۔

ان کے مطابق عوامی شکایات موصول ہونے پر ان کا محکمہ حرکت میں آتا ہے اور ابھی انھیں شہریوں کو محفوظ بنانے کے لیے مزید اس طرح کے چھاپے مارنے ہیں۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More