لاہور: امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہا ہے کہ کراچی کے مینڈیٹ پر شب خون مارنے والوں کے خلاف عدالت جائیں گے، ہمارا مطالبہ ہے کہ 30 افراد کو لایا جائے اور الیکشن کا دوبارہ انعقاد کرایا جائے۔
انہوں نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کراچی میں مینڈیٹ پر ڈاکہ مارا گیا، شب خون مارا گیا، پیپلز پارٹی نے الیکشن نہیں جیتا، اغوا برائے تاوان کی کارروائی کی، پیپلز پارٹی نے سوا تین کروڑ لوگوں کے حق پر ڈاکہ ڈالا۔
سراج الحق نے کہا کہ پیپلز پارٹی کہتی ہے شہزادے کی خواہش تھی کہ میئر کراچی پیپلز پارٹی کا ہونا چاہیے، کراچی کے الیکشن کے بعد الیکشن کمیشن نے اپنا وقار ختم کر دیا ہے، کراچی کے عوام نے اپنے بچوں کی خاطر جماعت اسلامی پر اعتماد کیا۔
امیر جماعت اسلامی پاکستان نے کہا کہ پیپلز پارٹی برسراقتدار ہے، نہ لاڑکانہ کو ترقی دی نہ سکھر کو نہ حیدرآباد کو، آپ یہ مینڈیٹ ہضم نہیں کرسکیں گے، 1977 میں بھی آپ لوگوں نے دھاندلی کی کوشش کی تھی۔
سراج الحق نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا 23 جون کو اسلام آباد میں الیکشن کمیشن کے سامنے احتجاج ہوگا، ہر قیمت پر چوری کرنے والوں سے چوری کا مال واپس لیں گے، ہم کراچی کے عوام کے شکر گزار ہیں کہ انہوں نے محبت کا اظہار کیا۔