کراچی: بائپر جوائے 470 کلومیٹر دور، شہریوں کو گھر سے باہر نہ نکلنے کی ہدایت

ہم نیوز  |  Jun 13, 2023

سمندری طوفان ‘بائپر جوائے’ کراچی کے جنوب سے 470 کلومیٹر دور، سندھ حکومت نے تیز ہوائیں چلنے کی صورت میں کراچی کے شہریوں کو گھر سے باہر نہ نکلنے کی ہدایت کردی۔ 

محکمہ موسمیات کے مطابق بپر جوائے نے بحیرہ عرب کے شمال اور شمال مغربی حصے کی جانب رخ کرلیا۔ طوفان کراچی کے جنوب میں 500 کلومیٹر دور جبکہ ٹھٹہ سے فاصلہ 530 کلومیٹر ہے۔ بپر جوائے کا اورماڑہ سے فاصلہ 630 کلومیٹر ہے۔

محکمہ موسمیات نے بتایا کہ سمندر میں 40 فٹ تک اونچی لہریں اٹھ رہی ہیں، سازگار ماحولیاتی حالات طوفان کی شدت برقرار رکھنے میں مددگار ثابت ہورہے ہیں۔ بپر جوائے کل صبح تک مزید شمال اور شمال مشرق کی جانب بڑھے گا۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ 15 جون کی سہہ پہر طوفان کیٹی بندر اور بھارتی گجرات سے ٹکرائے گا۔ محکمہ موسمیات کے سائیکلون وارننگ سینٹر سے طوفان کی مانیٹرنگ کی جارہی ہے۔ سندھ کے جنوب مشرقی ساحل پر طوفان کے اثرات مرتب ہوں گے۔

محکمہ موسمیات کی جانب سے ٹھٹہ، سجاول، بدین، تھرپارکر، میرپورخاص اور عمرکوٹ میں آج سے 17 جون تک بارش کا امکان بھی ظاہر کیا گیا ہے۔ کراچی، حیدرآباد، ٹنڈو محمد خان، ٹنڈو الیار، بینظیر آباد اور سانگھڑ میں تیز ہوائیں چلنے کا بھی امکان ہے۔

دوسری طرف انتظامیہ کی طرف سے ڈیفنس کراچی کے رہائشیوں کو سی ویو اور درخشاں کے گھر خالی کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔ اسی طرح رہائشیوں کو گھر کے داخلی دروازے پر سینڈ بیگز اور سیمنٹ کی عارضی دیوار بنانے کا بھی مشورہ ہے۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More