پنجاب میں انتخابی اتحاد یا سیٹ ایڈجسٹمنٹ کا تصور بھی نہیں کیا جا سکتا، جاوید لطیف

ہم نیوز  |  Jun 11, 2023

لاہور: پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما اور وفاقی وزیر میاں جاوید لطیف نے کہا ہے کہ پنجاب میں انتخابی اتحاد یا سیٹ ایڈجسٹمنٹ کا تصور بھی نہیں کیا جا سکتا ہے۔

انہوں نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو مستحکم کرنا ہے تو قوم کو پورا سچ بتانا ہو گا۔ انہوں نے خبردار کرتے ہوئے کہا حقیقت بیان نہ کی گئی تو ملک نہیں چلے گا، تمام کرداروں کو بے نقاب کیا جائے اور پاکستان پر رحم کرتے ہوئے نواز شریف کو لایا جائے۔

وفاقی وزیر میاں جاوید لطیف نے کہا ہمیں اس سے کوئی سروکار نہیں کہ الیکشن وقت پر ہوں گے یا نہیں لیکن جن کے ساتھ زیادتی ہوئی اس کا ازالہ کیا جائے، 9 اور 10 مئی کے واقعات میں جس کا جو کردار ہے اسے سزا ملنی چاہیے۔

ن لیگی رہنما نے کہا ہمارا مطالبہ ہے کہ الیکشن کے لیے سب کو لیول پلیئنگ فیلڈ دی جائے، ہم کسی سیاسی جماعت اور کسی سیاسی لیڈر پر پابندی کے حق میں نہیں ہیں، کسی سے سیاسی اتحاد یا سیٹ ایڈجسٹمنٹ نہیں کر رہے ہیں۔

وفاقی وزیر میاں جاوید لطیف نے کہا ن لیگ اپنے پلیٹ فارم سے الیکشن لڑے گی، سیٹ ایڈجسٹمنٹ کرنی ہوتی تو آزاد کشمیر الیکشن میں بھی کی جاتی، پنجاب میں انتخابی اتحاد یا سیٹ ایڈجسٹمنٹ کا تصور بھی نہیں کیا جا سکتا ہے۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More