جہانگیر ترین کا نواز شریف سے ملاقات کیلئے لندن جانے کا فیصلہ

ہم نیوز  |  Jun 02, 2023

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سابق رہنما جہانگیر ترین نے آنے والے دنوں میں قائد مسلم لیگ ن نواز شریف سے ملاقات کرنے کیلئے لندن جانے کا فیصلہ کرلیا۔

روزنامہ ایکسپریس کے مطابق مسلم لیگ ن سے مستقبل کی انتخابی حکمت عملی پر مشاورت اور انتخابی اتحاد کیلئے جہانگیر ترین نے نواز شریف سے ملاقات کا فیصلہ کیا ہے۔ آئندہ عام انتخابات میں ن لیگ سے ایڈجسٹمنٹ کیلئے جہانگیر ترین چند دنوں میں لندن جائیں گے۔

جہانگیر ترین آج بھی اسلام آباد میں کئی اہم شخصیات سے ملاقاتیں کریں گے۔ اس حوالے سے پنجاب سے تحریک انصاف چھوڑنے والی اہم شخصیات کا بھی رابطہ ہوا ہے جبکہ گروپ کے دیگر ممبران سے بھی ٹیلیفونک رابطے جاری ہیں۔

خیال رہے کہ جہانگیر ترین کی جانب سے نئی جماعت کی تشکیل کا مشن جاری ہے۔ پی ٹی آئی کے سابق اراکین قومی اسمبلی اور سینیٹرز سے رابطے مکمل ہوچکے ہیں۔ اب تک تحریک انصاف کے 50 سے زائد سابق اراکین قومی اور صوبائی اسمبلی جہانگیر ترین کو حمایت کا یقین دلا چکے ہیں۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More