Getty Imagesآئی فون 14 گذشتہ سال ستمبر میں لانچ کی گئی تھی
ایپل کے سامان فراہم کرانے والی کمپنی فاکسکون نے نئے آئی فون ماڈل کے لانچ سے قبل دنیا کی سب سے بڑی آئی فون فیکٹری میں مزید ملازموں کو بھرتی کرنے کی کوششیں تیز کر دی ہے۔
فاکسکون کا کہنا ہے کہ چین کے ژینگزاؤ میں اس کے پلانٹ میں نئے ورکرز کو 3,000 یوآن یعنی تقریبا 425 ڈالر تک کا بونس ملے گا بشرطیہ انھون نے کم از کم 90 دنوں تک ملازمت کی ہو۔
یہ توقع کی جا رہی ہے کہ آئی فون 15 ستمبر میں لانچ کیا جائے گا۔
بی بی سی نے مشہور چینی میسجنگ ایپ وی چیٹ پر یہ پوسٹ دیکھی ہے کہ جس میں فاکسکون نے کہا ہے کہ ایسے ملازمین جو کام کرنے کے لیے نئے فرد کا حوالہ دیتے ہیں اور اگر وہ شخص کمپنی میں ایک ماہ تک کام کرنے کے لیے رک جاتا ہے تو انھیں 500 یوآن ملیں گے۔
یہ تائیوان کی مینوفیکچرنگ کمپنی کی جانب سے آئی فون سٹی کے نام سے مشہور اس بڑے پلانٹ میں اپنے ملازموں کے لیے فوائد کے تازہ ترین اقدام کی نشاندہی کرتا ہے۔
اس بابت بی بی سی نے کمپنی سے رابطہ کیا تھا لیکن اس نے فوری طور پر بی بی سی کی درخواست کا جواب نہیں دیا ہے۔
Getty Imagesفاکسکون کے ژینگزاؤ پلانٹ میں دو لاکھ سے زائد افراد کام کرتے ہیں
یاد رہے کہ گذشتہ سال سیکڑوں کارکنوں نے کووڈ کی پابندیوں اور واجب الادا تنخواہ کے لیے ژینگزاو پلانٹ میں احتجاج کیا تھا۔
اس کے متعلق اکتوبر میں آن لائن پر شیئر کی جانے والی ویڈیوز میں لوگوں کو فاکسکون فیکٹری کے باہر ایک باڑ پھلانگتے ہوئے بھی دیکھا جا سکتا تھا جب اسے کورونا وائرس کے پھیلنے کی وجہ سے بند کر دیا گیا تھا۔
یہ بھی پڑھیے
ایپل کے خلاف 76 کروڑ 80 لاکھ پاؤنڈ کا دعویٰ
کمپیوٹر گیمز بچوں کو پیسے خرچ کرنے کی ترغیب کیسے دیتی ہیں؟
ایپل آپ کو اپنی مصنوعات اُدھار پر کیوں دینا چاہتا ہے؟
نومبر میں ایپل نے خبردار کیا کہ آئی فون 14 کی فراہمی میں تاخیر ہو جائے گی کیونکہ چینی حکام نے ژینگزاو کے ایک علاقے کو بند کر دیا، جہاں آئی فون سٹی واقع ہے۔
اس کے بعد آئی فون بنانے والی کمپنی نے زیادہ بونس کے وعدوں کے ساتھ نئے ملازموں کو بھرتی کیا۔
تاہم ایک کارکن نے بی بی سی کو بتایا کہ ان کے معاہدوں میں تبدیلی کر دی گئی تھی تاکہ وہ 'وعدہ کی گئی مراعات حاصل نہیں کر سکیں۔' انھوں نے مزید کہا کہ انھیں بغیر خوراک کے قرنطینہ میں رکھا گیا تھا۔
فاکسکون نے اس کے بارے میں جواب دیتے ہوئے کہا کہ 'بھرتی کے عمل کے دوران ایک تکنیکی خرابی پیدا ہو گئی تھی۔' انھوں نے مزید کہا کہ نئے بھرتی کرنے والوں کی تنخواہ 'ویسی ہی تھی جیسا کہ بھرتی کے پوسٹر (اشتہار) میں اتفاق کیا گیا تھا۔'
ژینگزاؤ کے پلانٹ میں 200,000 سے زائد افراد کام کرتے ہیں اور وہاں آئی فون 14 پرو اور پرو میکس سمیت ایپل کی مصنوعات بنائی جاتی ہیں۔