لاہور: آئندہ دو سے تین دن میں نئی سیاسی پارٹی کے قیام کا اعلان کر دیا جائے گا، اعلان ممتاز سیاسی رہنما جہانگیر ترین دیگر اہم سیاسی زعما کے ہمراہ پریس کانفرنس میں کریں گے۔
ذرائع کے مطابق اس حوالے سے اہم مشاورت جہانگیر ترین، علیم خان اورعون چودھری سمیت دیگر اہم رہنماؤں کے درمیان ظہرانے پہ ہوئی جو علیم خان کی رہائش گاہ پر دیا گیا۔
اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ علیم خان نے جہانگیر ترین اور دیگر اہم سیاسی رہنماؤں کے اعزاز میں اپنی رہائش گاہ پہ ظہرانہ دیا جس میں شرکا کی غالب اکثریت نے اس تجویز سے اتفاق نہیں کیا کہ ہمیں کوئی پریشر گروپ بنانا چاہیے۔
ذرائع کے مطابق شرکا کی اکثریت اس بات کی حامی تھی کہ ہمیں پریشر گروپ کے بجائے نئی سیاسی جماعت رجسٹر کرانی چاہیے تاکہ وہ تمام افراد جو پی ٹی آئی سے علیحدگی اختیار کر رہے ہیں انہیں بھی نیا پلیٹ فارم میسر آسکے۔
ظہرانے میں وزیراعظم اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی صدر میاں شہباز شریف کے سیاسی مشیر عون چودھری بھی شریک تھے، انہوں نے بھی نئی سیاسی جماعت تشکیل دینے کی تجویز کی حمایت کی۔
ذرائع کے مطابق علیم خان کی رہائش گاہ پر دیے گئے ظہرانے میں ابتدائی طور پر اتفاق کیا گیا کہ جہانگیر ترین جلد الیکشن کمیشن میں نئی پارٹی کی رجسٹریشن کے لیے باقاعدہ درخواست دے دیں گے، آئندہ دو سے تین دن میں نئی سیاسی پارٹی کے قیام کا اعلان کر دیا جائے گا، اعلان جہانگیر ترین دیگر سیاسی رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس میں کریں گے۔
علیم خان اور ترین گروپ کی نئی سیاسی جماعت بنانے کی تردید
اس ضمن میں ابتدائی طور پر اتفاق کیا گیا کہ پی ٹی آئی سے علیحدگی اختیار کرنے والے رہنماؤں سے رابطہ قائم کر کے انہیں بھی نئی پارٹی میں شمولیت کا کہا جائے گا۔