وسعت اللہ خان کا کالم: ہجوم کے نڈر ہونے کا وقت ہوا چاہتا ہے

بی بی سی اردو  |  May 21, 2023

BBC

کھلونوں کی دوکانوں راستہ دو

میرے بچے گذرنا چاہتے ہیں (نامعلوم)

عاصم 12 برس کا ہے۔ لاہور میں گلبرگ کے کاروباری علاقے میں پھیری لگاتا ہے۔ صبح دس بجے سے شام سات بجے تک وہ تمام مارکیٹوں کے اندر اور باہر گھومتا گھماتا چھوٹی موٹی چیزیں بیچ کے پانچ سے چھ سو روپے کما لیتا ہے اور ماں کے ہاتھ پر دھر دیتا ہے۔

ان مارکیٹوں میں جو صاحبِ ثروت برانڈ پرست لوگ دھلی دھلائی گاڑیوں سے اتر کے سیدھے اندر کا رخ کرتے ہیں انھیں عاصم جیسی مخلوق نظر نہیں آتی۔

لے دے کے عاصم کے گاہکوں میں لگی بندھی تنخواہ مع دو وقت کی روٹی کا طواف کرنے والے ڈرائیور، چوکیدار، سکیورٹی گارڈ، رکشہ چالک یا خوش گلو نعت خواں فقیر شامل ہیں۔

عاصمکا ایک چھ سالہ بھائی بھی ہے۔ باپ چونکہ چھ برس پہلے مہنگے علاج کی دہلیز پر دم توڑ گیا لہذا جب عاصم کا چھوٹا بھائی پیدا ہوا تو اس نے بس عاصم کو ہی باپ کی شکل میں دیکھا۔

عاصم کی ماں گھروں میں کام کرتی ہے۔ دونوں مل کے اتنا کما لیتے ہیں جس سے ایک کمرے کا بھاڑہ نکل سکے اور تین کے بجائے ڈیڑھ وقت کا کھانا مل سکے (ایک برس پہلے تک دو وقت کا کھانا میسر آ جاتا تھا)۔

عاصم تین برس پہلے جب تیسری جماعت میں تھا تو اس نے پڑھائی چھوڑ کے اپنے بچپنے کو ایک چھابڑی میں رکھ لیا۔ سڑک نے اس بچے کی شرارتیں، بے فکری، امنگیں اور خواب کچل کے راتوں رات پکی پکی باتیں کرنے والا بزرگ بنا دیا۔

مثلاً یہی کہ ’میری تو زندگی برباد ہو گئی۔ میں اب صرف اپنے چھوٹے بھائی کو کچھ بنانا چاہتا ہوں۔ یا جب تک دن بھر میں پانچ چھ سو روپے جمع نہ کر لوں دل کو سکون نہیں ملتا۔‘

یہ سکون کمانے کے لیے عاصم کو صبح سے شام تک ایک ایک مارکیٹ میں گھومنا پڑتا ہے۔

یا یہ جملہ کہ ’مجبوری سب کچھ سکھا دیتی ہے۔ اب تو ایک ایک روپیہ خرچ کرتے ہوئے سوچنا پڑتا ہے۔ مہنگائی پتہ نہیں کب رکے گی۔‘

Getty Images

جس کمرشل علاقے میں عاصم دن بھر پھیری لگاتا ہے وہیں جان محمد بھی صبح ساڑھے آٹھ سے رات ساڑھے آٹھ نو بجے تک 12 گھنٹے سکیورٹی گارڈ کی ڈیوٹی کرتا ہے۔

دو ماہ پہلے تک اس کی کمپنی اسے 15 ہزار روپے دیتی تھی مگر واؤچر پر 25 ہزار لکھواتی ہے کیونکہ تب قانوناًکم سے کم تنخواہ 25 ہزار روپے ہی تھی۔

اب جان محمد کی اصل تنخواہ 15 ہزار سے بڑھ کے 22 ہزار روپے ہو گئی ہے مگر ’32 ہزار روپے وصول پائے‘ لکھوا کے واؤچر پر دستخط کروائے جاتے ہیں، کیونکہ کم ازکم تنخواہ بھی قانوناً 25 ہزار سے 32 ہزار ہو گئی ہے اور دیگر کمپنیوں کی طرح جان محمد کی کمپنی بھی قانونی کاغذ پورے رکھتی ہے۔

جان محمد کی بیوی اور چار بچے راجن پور ضلع کے ایک گاؤں میں رہتے ہیں۔ وہ لاہور میں چار دیگر سکیورٹی گارڈز کے ساتھ مل کے ایک کرائے کے کمرے میں رہتا ہے۔ یوں اسے سر چھپانے کی جگہ گویا ایک چوتھائی میں پڑ جاتی ہے۔ کھانا یہ چاروں گارڈز کسی زندہ مخیر یا مردہ پیر کے لنگر سے کھا لیتے ہیں۔

بقول احمد جاوید؛

اچھی گذر رہی ہے دلِ خودکفیل سے

لنگر سے روٹی لیتے ہیں پانی سبیل سے

جنھوں نے کور کمانڈر ہاؤس کے فریج سے کوکنکال کے جھاگ اڑائی یا منجمد پھل کھا لیے وہ متوسط یا نیم متوسط طبقے سے تعلق کے باوجود بھی اپنا ہاتھ نہ روک پائے۔

وسعت اللہ خان کے دیگر کالم:

عمران خان بڑا خطرہ ہے یا آئی ایم ایف؟

عمرانی جن اور ٹوٹی ہوئی بوتل

پاکستانی سیاست، دودھ پر بلیوں کی لڑائی

BBC

اگر متوسط طبقے کا نوجوان اس بے صبری و مہم جویانہ محرومی کا شکار ہو چکا ہے تو معاشی اعتبار سے بالکل زمین سے لگے 12 سالہ پھیری والے عاصم اور سکیورٹی گارڈ جان محمد جس طرح جسم اور سانس کا رشتہ برقرار رکھے ہوئے ہیں وہ معجزہ نہیں تو کیا کہلائے گا؟

اگر کم سن عاصم کے دل میں اب تک چوری کا خیال نہیں آیا اور ادھیڑ عمر جان محمد نے اپنی بندوق کسی شہری کا بٹوہ اور موبائل چھیننے کے لیے نہیں تانی تو ان دونوں کو اس دور کا ولی سمجھنا چاہیے۔

یہ دونوں اب بھی اس زندگی پر اعتماد کر رہے ہیں جو عرصہ ہوا ان پر عدم اعتماد کر چکی۔ اور یہ عاصم اور جان محمد کروڑوں میں ہیں، چہار جانب ہیں اور اب تک آسمان تک رہے ہیں۔

بقول سابق وزیرِ خزانہ مفتاح اسماعیل اس ملک کی 70 فیصد افرادی قوت کی آمدنی اس وقت بھی اوسطاً 34 ہزار روپے ماہانہ ہے۔ عاصم اور جان محمد تو اس زیریں طبقے کی بھی تلچھٹ ہیں۔

کیا اس تحریر کا مقصد کسی طبقے کے لیے کسی طبقے کی ہمدردی حاصل کرنا ہے؟ ہرگز نہیں۔

بس یہ بتانا ہے کہ اس ملک کے 24 کروڑ انسانوں میں سے 23 کروڑ کے پاس پانا تو دور کی باتکھونے کے لیے بھی اب کچھ نہیں۔

اس ہجوم کے نڈر ہونے کا وقت ہوا چاہتا ہے کیونکہ ریاست کے پاس لالی پاپ کا آخری زخیرہ بھی ختم ہوا چاہتا ہے۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More