حساس تنصیبات پر حملے، عمران خان کی تقاریر سنیں جواب مل جائے گا: وزیراعظم شہباز شریف

اردو نیوز  |  May 17, 2023

پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ملک کی حساس تنصیبات پر حملے کی جڑیں عمران خان کی تقاریر میں ہیں۔

بدھ کو پاکستان کے وزیراعظم نے ٹویٹ کیا کہ پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے مسلح افواج اور آرمی چیف کو بدنام کیا۔

انہوں نے کہا کہ ’ان کی تقاریر سنیں، آپ کو جواب مل جائے گا۔‘

9’ مئی کو ریاست، اس کی علامات اور اس کی حساس تنصیبات پر حملے کی جڑیں عمران نیازی کی گزشتہ ایک سال کی تقاریر کے مواد میں موجود ہیں۔

اس نے اپنی سیاسی تحریک کو حق اور باطل کے درمیان جنگ قرار دینے کے لیے بڑے پیمانے پر مذہبی منظر کشی کی ہے۔ اس نے بے رحمی سے مسلح افواج اور آرمی چیف پر حملہ کیا اور بدنام کیا اور بہت ہی مکاری سے اپنے پیروکاروں کو ’حقیقی آزادی‘ کے نعرے کے ساتھ تیار کیا جس کا مقصد تشدد پر اکسانا تھا جس کا ہم نے 9 مئی کو مشاہدہ کیا۔‘

منگل کو قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا تھا کہ ’پرتشدد واقعات میں ملوث افراد کو نہیں چھوڑا جائے گا۔‘

وزیراعظم نے کہا تھا کہ ’تحقیقات کے دوران کسی بے گناہ کو تنگ نہیں کریں گے اور کسی گناہ گار کو چھوڑا نہیں جائے گا۔‘

’9 مئی کے واقعات سے ہمارے سر شرم سے جُھک گئے ہیں، ان واقعات کے ذمہ داروں کو ہر صورت کٹہرے میں لانا ہوگا۔‘

قومی سلامتی کمیٹی کے شرکا نے پاکستان کی مسلح افواج کے ساتھ مکمل یک جہتی اور حمایت کا اظہار کیا۔

شرکا نے ذاتی مفادات اور سیاسی فائدے کے حصول کے لیے جلاﺅ گھیراﺅ اور فوجی تنصیبات پر حملوں کی سخت مذمت کی۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More