نائلہ کیانی، جنہوں نے ماؤنٹ ایورسٹ کے بعد چوتھی بلند چوٹی بھی سر کر لی

اردو نیوز  |  May 16, 2023

پاکستانی خاتون کوہ پیما نائلہ کیانی نے ماؤنٹ ایورسٹ سر کرنے کے 48 گھنٹوں میں ہی دنیا کی چوتھی بلند ترین چوٹی سر کر لی۔

نائلہ کیانی کی انسٹاگرام پوسٹ کے مطابق انہوں نے لہوٹسے چوٹی سر کرنے والی پہلی پاکستانی خاتون کوہ پیما ہونے کا اعزاز اپنے نام کر لیا ہے۔

چین اور نیپال کے درمیان کوہ ہمالیہ میں واقع لہوٹسے چوٹی ماؤنٹ ایورسٹ، کے ٹو اور  کنگ چنجنگا کے بعد چوتھی بلند ترین چوٹی ہے۔

نائلہ کیانی نے منگل کی صبح 8 بج کر 13 منٹ پر 8 ہزار 516 میٹر بلند لہوٹسے چوٹی سر کی جبکہ دو دن قبل اتوار کی صبح انہوں نے ماؤنٹ ایورسٹ سر کرنے میں کامیاب ہوئی تھیں۔

لہوٹسے سر کرنے کے بعد نائلہ کیانی 8 ہزار میٹر سے بلند چھ چوٹیاں سر کرنے والی پہلی پاکستانی خاتون کوہ پیما بن گئی ہیں جنہوں نے صرف دو سال کے عرصے میں اس مشن کو ممکن بنایا۔

ان میں کے ٹو اور ماؤنٹ ایورسٹ کے علاوہ گیشر برم ون، گیشر برم ٹو، اناپورنا اور لہوٹسے شامل ہیں۔

نائلہ کیانی نے گزشتہ ماہ اپریل میں پاکستانی کوہ پیما شہروز کاشف کے ہمراہ  نیپال میں واقع آٹھ ہزار 91 میٹر بلند چوٹی انا پورنا کو سر کیا تھا۔

    View this post on Instagram           A post shared by BARD Foundation (@bard_foundation)

دنیا کی بلند ترین چوٹیاں کے ٹو اور ماؤنٹ ایورسٹ سر کرنے والی پہلی پاکستانی خاتون کوہ پیما ہونے کا اعزاز ثمینہ بیگ نے سال 2013 اور 2022 میں اپنے نام  کیا تھا۔

ثمینہ بیگ سات جزیروں میں واقع سات بلند چوٹیاں بھی سر کر چکی ہیں۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More