عمران خان کی گرفتاری چیئرمین نیب کی ہدایت پر ہوئی، نیب اعلامیہ

ہم نیوز  |  May 09, 2023

نیب کے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ سابق وزیراعظم اور چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان کی گرفتاری چیئرمین نیب کی ہدایت پر ہوئی۔

قومی احتساب بیورو (نیب) کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ عمران خان پر کرپشن اور کرپٹ پریکٹسز میں ملوث ہونے کا الزام ہے۔ عمران خان پر نیب آرڈیننس 1999 کے سیکشن 9 اے کے تحت کرپشن اور بدعنوانی کا الزام ہے۔

نیب کے اعلامیے کے مطابق عمران خان کو نیب آرڈیننس کی شق 34 اے، 18 ای اور 24 اے کے تحت گرفتار کیا گیا ہے۔

دوسری طرف نیب ذرائع کے مطابق عمران خان اس وقت نیب راولپنڈی کے دفتر میں موجود ہیں۔ کچھ ہی دیر میں عمران خان کا میڈیکل کرایا جائے گا۔ عمران خان کو احتساب عدالت میں پیش کر کے ریمانڈ حاصل کیا جائے گا۔

سابق وزیراعظم عمران خان کے میڈیکل کے لیے پولی کلینک کا 7 رکنی میڈیکل بورڈ تشکیل کردیا گیا ہے۔ ڈاکٹر فرید اللہ شاہ میڈیکل بورڈ کے سربراہ ہوں گے۔ شعبہ امراض دل، آرتھو میڈیکل، میڈیسن اور پتھالوجسٹ بھی ٹیم میں شامل ہوں گے۔ میڈیکل رپورٹ احتساب عدالت میں پیش کی جائے گی۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More